بی جے پی حکومت کی اُلٹی گنتی شروع: کماری شیلجہ

کماری شیلجہ نے کہا کہ فرید آباد کی ترقی ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے دور اقتدار سے شروع ہوئی تھی لیکن بی جے پی حکومت نے اسے اجاڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

فرید آباد: ہریانہ کانگریس کی ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ کماری شیلجہ نے آج دعوی کیا کہ ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے کیونکہ عوام اس حکومت کی بدنظمی سے تنگ آچکے ہیں۔ وہ یہاں سابق وزیراعلی اور ہریانہ کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا کے ساتھ پارٹی کارکنان کانفرنس سے اظہار خیال کر رہی تھیں۔

کانگریسی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کماری شیلجہ نے الزام لگایا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ہریانہ میں ترقی کا کوئی بھی کام نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرید آباد کی ترقی ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے دور اقتدار سے شروع ہوئی تھی لیکن بی جے پی حکومت نے اسے اجاڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اس شہر کی تقریباً تین سو صنعتی اکائیاں بند ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے بے روزگاری میں حد درجہ اضافہ ہوا ہے۔


کماری شیلجہ نے کہا کہ لینڈ مافیا پر کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے اراولی کی پہاڑیوں کی زمین لوٹی جارہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے فریدآباد کو اسمارٹ سٹی بنانے کی بات تو کی لیکن اس شہر میں کوئی کام نہیں ہوا جس سے یہ سٹی اسمارٹ سی بن سکے۔

اس موقع پر بھوپیندر ہڈا نے کہا کہ کانگریس کی گزشتہ حکومت نے ہریانہ کے ملازمین کو پنجاب کے برابر تنخواہ دینے اور غریبوں کو پلاٹ دینے کے جو فیصلے کیے تھے، بی جے پی حکومت نے انہیں منسوخ کردیا تھا۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد ان دونوں فیصلوں پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ درج فہرست ذاتوں کے طلبہ کی اسکالرشپ میں بھی اضافہ کیا جائےگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے اسکالرشپ کی تقسیم میں بہت زیادہ بے ضابطگی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Sep 2019, 12:10 PM