کانگریس-جے ڈی ایس میں ناراضگی کی خبر بے بنیاد: کماراسوامی

کماراسوامی نے اس طرح کی خبروں کو پوری طرح سے غلط اور لغو پر مبنی قرار دیا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان ابھی سے تلخیاں شروع ہو گئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس-جے ڈی ایس اتحاد کی جانب سے نامزد وزیر اعلیٰ امیدوار ایچ ڈی کماراسوامی نے ایسی باتوں کو سرے سے خارج کر دیا ہے جس کے مطابق دونوں پارٹیوں کے درمیان کچھ معاملات کو لے کر ناراضگی ہے۔ آج جب صحافیوں نے کماراسوامی سے یہ پوچھا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد میں پیدا ناراضگی کے تعلق سے ان کا کیا رد عمل ہے، تو انھوں نے کہا کہ ’’آپ کوایسا کس نے بتایا؟ یہ بے کار اوربے بنیاد خبریں ہیں۔ یہ قطعاً سچ نہیں ہیں۔‘‘

دراصل آج کماراسوامی دوپہر تقریباً 2.30 بجے دہلی پہنچنے والے ہیں اور 3.30 بجے ان کی ملاقات کانگریس صدر راہل گاندھی سے ہوگی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ سونیا گاندھی سے 4.30 بجے ملاقات کریں گے۔ کماراسوامی کی ان ملاقاتوں کو کچھ لوگ منفی نظر سے دیکھ رہے ہیں اور یہاں تک خبریں پھیلائی گئی ہیں کہ جے ڈی ایس اور کانگریس کے درمیان کچھ تلخیاں ہیں اور کماراسوامی راہل گاندھی اور سونیا سے ملاقات کر کے دو ٹوک بات کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن کماراسوامی نے واضح لفظوں میں اس طرح کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ہاں، یہ بات درست ہے کہ راہل اور سونیا سے ملاقات کر کے وہ کرناٹک میں حکومت تشکیل سے متعلق کچھ اہم مشورے کرنا چاہتے ہیں۔ اس ملاقات کے دوران کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ کا نام بھی فائنل ہو سکتا ہے۔ ابھی کانگریس کی جانب سے دلت لیڈر جی. پرمیشور کا نام بطور نائب وزیر اعلیٰ سامنے آ رہا ہے لیکن بی جے پی کے منصوبوں پر پانی پھیرنے میں اہم کردار نبھانے والے کانگریس لیڈر ڈی. شیو کمار کا نام بھی اس ریس میں شامل ہے۔

بہر حال، کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار نے بھی کانگریس-جے ڈی ایس کے درمیان کسی طرح کی ناراضگی سے انکار کیا ہے۔ نامہ نگاروں نے جب ان سے پوچھا کہ یہ اتحاد اپنی مدت کار مکمل کرے گی یا نہیں، تو انھوں نے کہا کہ ’’اس کا جواب وقت دے گا۔ میں فی الحال اس معاملے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ ہمارے پاس کئی ایشوز ہیں جس پر بات چیت چل رہی ہے۔‘‘ شیو کمار نے ایک موقع پر یہ بھی کہا کہ ’’کرناٹک میں سیکولر حکومت تشکیل دینے کے تعلق سے راہل گاندھی نے اہم اقدام کیے ہیں۔ جے ڈی ایس کے ساتھ ہمارا اتحاد اسی مقصد کے تحت ہے اور اس وقت ملک کو اس کی ضرورت ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کماراسوامی 23 مئی کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے ہیں جس میں ممتا بنرجی، اکھلیش یادو، چندرا شیکھر راؤ، چندرا بابو نائیڈو جیسے کئی اہم ریاستی لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ایچ ڈی دیوگوڑا نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بھی اپنے بیٹے کماراسوامی کی حلف برداری تقریب میں مدعو کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اس میں شامل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */