ابھیشیک بنرجی اور مدن مترا کے ٹھکانوں پر چھاپے، ممتا بنرجی فوری موقع پر پہنچیں

ٹی ایم سی ایم پی ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی پارٹی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی وہاں پہنچ گئیں لیکن مختصر قیام کے بعد وہ وہاں سے چلی گئیں

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ایک طرف مبینہ دستخط جعلسازی معاملے میں تفتیش جاری ہے وہیں ہفتے کو علی الصبح کولکاتہ پولیس اور سینٹرل پولیس فورس کے جوان ان کی رہائش گاہ پر پہنچے۔  اسی دوران نگر نگم بھرتی گھپلہ معاملے میں ای ڈی نے ترنمول کانگریس کے ممبراسمبلی اور سابق وزیر مدن مترا سے متعلق ٹھکانوں پر چھاپے ماری شروع کردی ہے۔ ایجنسی کے مطابق کولکاتہ زون کی ٹیمیں آج مدن مترا سے متعلق 7 ٹھکانوں پر ایک ساتھ سرچ آپریشن چلا رہی ہیں۔

ابھیشیک معاملے میں ہفتے کی صبح شالبانی تھانے کے افسران ان کی کالی گھاٹ رہائش گاہ پہنچے۔ اس دوران کولکتہ پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ مرکزی پولیس کے جوان بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ابھیشیک بنرجی کے قریبی ساتھی اور پرسنل اسسٹنٹ سُمت رائے کی تلاش میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔ یہ معاملہ شالبانی پولیس سے متعلق ہے۔ ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی ٹی ایم سی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی پہنچیں لیکن مختصر قیام کے بعد وہ وہاں سے چلی گئیں۔


ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس ابھیشیک بنرجی کے ایک معاون کی تلاش میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔ پولیس نے گھر کے اندر تلاشی لی۔ خواتین پولیس اہلکاروں سمیت کئی پولیس اہلکار گھر کے اندر موجود تھے۔ یاد رہے کہ مبینہ دستخط جعلسازی معاملے میں بھی سی آئی ڈی تحقیقات کر رہی ہے۔ سی بی آئی اور سی آئی ڈی پچھلے کچھ دنوں میں کئی بار ان کی رہائش گاہ پہنچ چکی ہیں۔ اس سے قبل سی آئی ڈی نے جعلی دستخط معاملے میں جمعرات کو ابھیشیک بنرجی سے پوچھ گچھ کی تھی۔ نفرت انگیز تقریر معاملے میں بھی سی آئی ڈی نے ابھیشیک بنرجی کو نوٹس جاری کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سی آئی ڈی پہلے بھی کالی گھاٹ واقع احاطے اور ترنمول کانگریس کے دفتر پہنچی تھی۔ تحقیقات کا مرکز وہ الزامات ہیں جن میں ممبران اسمبلی کے دستخط مبینہ طور پر فرضی بتائے گئے ہیں۔ جمعرات کو سی آئی ڈی نے مغربی بنگال اسمبلی میں جعلی دستخط معاملے کے سلسلے میں ابھیشیک بنرجی سے 5 گھنٹے سے زیادہ دیر تک پوچھ گچھ کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ابھیشیک بھوانی بھون میں طویل پوچھ گچھ کے دوران سی آئی ڈی کے کئی سوالوں کے تسلی بخش جواب نہیں دے پائے۔ سی آئی ڈی ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران کئی بار ابھیشیک بنرجی کا غصہ بھی پھوٹ پڑا۔ سی آئی ڈی نے اب ابھیشیک کو 14 جون کو دوپہر 12 بجے دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔


دریں اثنا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مغربی بنگال کے مشہور نگر نگم  بھرتی گھپلے میں ایک بار پھر بڑی کارروائی کی ہے۔ ایجنسی نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) ایم ایل اے اور سابق وزیر مدن مترا سے منسلک ٹھکانوں پر چھاپے ماری شروع کردی ہے۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق کولکاتہ زون کی ٹیم نے آج مدن مترا سے متعلق 7 مقامات پر ایک ساتھ سرچ آپریشن چلا رکھا ہے۔ یہ پورا معاملہ نگر پالیکاؤں مں نوکری دلانے کے بدلے مبینہ طور پر کروڑوں روپئے لینے سے متعلق ہے۔

اب تک کی تحقیقات کے مطابق مدن مترا نے کمار ہاٹی نگر نگم سمیت مختلف نگر پالیکاؤں میں غیر قانونی تقرریوں کے عوض ثالثوں کے ذریعے نقدی اور سونے کے طور پر رشوت لی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ مدن مترا 125 سے زائد غیر قانونی تقرریوں میں براہ راست ملوث پائے گئے ہیں، جن میں نا اہل امیدواروں کو نوکریاں دلائی گئی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔