کسان سمان ندھی: مرکزی حکومت اپنے اقدام سے کسانوں کی توہین کر رہی ہے، کانگریس

کانگریس کے ترجمان اکھلیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام کسان سمّان (عزت افزائی) ندھی کے بجائے کسان اپمان (توہین) ندھی بن گیا ہے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس نے کسانوں کے حوالہ سے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ کسان سمان ندھی کے تحت فائدہ اٹھانے والے کروڑوں کسانوں کو نااہل قرار دے کر ان سے رقم کی وصولی شروع کر دی گئی ہے، اس عمل کو فوری بند کیا جانا چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان اکھلیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام کسان سمّان (عزت افزائی) ندھی کے بجائے کسان اپمان (توہین) ندھی بن گیا ہے۔ جو حکومت اپنے دوست صنعت کاروں کا لاکھوں کروڑ روپے کا قرض معاف کر رہی ہے، وہ ملک کے غریب کسانوں سے پیسہ واپس لے رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ سال 2019 میں جب مودی حکومت نے یہ اسکیم شروع کی تھی تو لوک سبھا انتخابات سے قبل آناً فاناً میں کسانوں کا کھاتہ نمبر لے کر کسان سمان ندھی کی پہلی قسط منتقل کر دی گئی۔ حکومت اب کسانوں سے اس رقم کو واپس لینے کا نوٹس بھیج رہی ہے۔ پورے ملک میں تقریباً دو کروڑ کسانوں کو نااہل قرار دے کر وصولی کی جا رہی ہے، اس عمل پر فوری طور پر روک لگائی جانی چاہئے۔

اس کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی نے اتر پردیش کو خشک سالی سے متاثرہ ریاست قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ اکھلیش سنگھ نے کہا ’’رواں برس معمول سے 44 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سے خریف کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ لہذا یوپی حکومت ریاست کو خشک سالی سے متاثر قرار دے۔ اس کے علاوہ ان کسانوں کو فوری طور پر معاضہ فراہم کیا جائے، جن کی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔