ہریانہ میں این ایل ڈی کے ریاستی صدر نفے سنگھ راٹھی کا قتل، حملہ آوروں کی اندھادھند فائرنگ

نفے سنگھ پر جس وقت حملہ آوروں نے اندھادھند فائرنگ کی وہ اپنی کار میں موجود تھے، واقعہ میں سابق رکن اسمبلی کے ایک محافظ کی بھی موت ہو گئی ہے، جبکہ کئی افراد زخمی ہیں، جن کا علاج جاری ہے

<div class="paragraphs"><p>نفے سنگھ راٹھی / سوشل میڈیا</p></div>

نفے سنگھ راٹھی / سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: انڈین نیشنل لوک دل کے ریاستی صدر اور سابق رکن اسمبلی نفے سنگھ راٹھی کو ہریانہ کے بہادر گڑھ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں نے جس وقت نفے سنگھ پر فائرنگ کی، وہ اپنی گاڑی میں موجود تھے۔ واقعہ میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے، جبکہ سابق رکن اسمبلی کے ایک محافظ کی بھی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کم از کم 40-50 راؤنڈ فائر کیے گئے ہیں۔

انڈین نیشنل لوک دل کے ترجمان نے کہا کہ نفے سنگھ راٹھی کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ پارٹی کے ترجمان امن دیپ نے کہا کہ حکومت سے ان کے لیے سیکورٹی مانگی جا رہی تھی لیکن سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق رکن اسمبلی نفے سنگھ راٹھی کو ماضی میں بھی کئی بار حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جھجر کے ایس پی ارپت جین نے بتایا کہ پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی اے اور ایس ٹی ایف کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


حملے کے بعد دو بار کے سابق رکن اسمبلی نفے سنگھ راٹھی اور دیگر زخمیوں کو برہم شکتی سنجیونی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹر منیش شرما نے بتایا کہ چار زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے دو افراد کا بہت زیادہ خون بہہ گیا اور وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ دو زخمی آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ ان کے کندھوں اور رانوں پر گولیاں لگی ہیں۔ مرنے والوں میں سابق رکن اسمبلی نفے سنگھ اور ان کے سیکورٹی گارڈ جئے کشن شامل ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ نفے سنگھ راٹھی اپنی فارچیونر کار میں سفر کر رہے تھے۔ اس دوران ایک آئی ٹین کار میں سوار کچھ حملہ آوروں نے ان کا تعاقب کیا۔ جب نفے سنگھ کی گاڑی بارہی گیٹ کے قریب پہنچی تو انہوں نے گولی باری شروع کر دی۔ منظر عام سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کا پورا شیشہ ٹوٹ گیا ہے اور گاڑی پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں۔


کانگریس لیڈر اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا نے نفے سنگھ کے قتل پر کہا، ’’ہریانہ میں آئی این ایل ڈی کے ریاستی صدر نفے سنگھ راٹھی کو گولی مار کر ہلاک کیے جانے کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ یہ ریاست کی امن و امان کی صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ واضح ہے کہ لاء اینڈ آرڈر درہم برہم ہو چکا ہے۔ آج ریاست میں کوئی بھی خود محفوظ محسوس نہیں کر پا رہا ہے۔ مرحوم کی روح کو میرا خراج عقیدت اور خاندان کے تئیں گہری تعزیت۔‘‘

عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر سشیل گپتا نے بھی ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر مکمل طور پر ٹھپ ہو چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔