غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ، ہرنندی نگر، گج پرستھ یا دودھیشور ناتھ نگر کرنے کی قرارداد منظور

میونسپل کارپوریشن کی جانب سے غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد منظور کی گئی ہے۔ تاہم، اس معاملہ پر حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

غازی آباد: غازی آباد میونسپل کارپوریشن نے منگل کو غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ میئر سنیتا دیال نے کہا کہ غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کے لیے ہرنندی نگر، گج پرستھ اور دودھیشو رناتھ نگر، یہ 3 نام تجویز کیے گئے ہیں۔ ان ناموں کو اب وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس بھیجا جائے گا، جو اس معاملہ پر حتمی فیصلہ لیں گے۔

تاہم، نام میں ایسی کسی بھی تبدیلی کے لیے بالآخر مرکز کی منظوری درکار ہوگی۔ میئر دیال نے کہا، ’’کونسلروں نے غازی آباد کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد کو مکمل اکثریت سے منظور کیا ہے۔ نئے نام کا فیصلہ وزیر اعلیٰ کریں گے۔ غازی آباد کے لوگوں اور ہندو تنظیموں کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ نام تجویز کیے گئے ہیں۔‘‘


صاحب آباد حلقہ سے بی جے پی کے ایم ایل اے سنیل شرما نے کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے اس سلسلے میں ریاست میں ایک تجویز پیش کی تھی۔ اسمبلی اس میں غازی آباد کا نام بدل کر گج پرستھ رکھنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

دریں اثنا، ددھیشور ناتھ مندر کے پروہت مہنت نارائن گری نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال وزیر اعلیٰ کو 3 نام تجویز کیے تھے۔ گری کے مطابق، یہ نام مہابھارت سے متعلق ہیں کیونکہ موجودہ غازی آباد ضلع پہلے ہستینا پور کا حصہ تھا۔

گری کے مطابق، یہ علاقہ ایک گھنا جنگل ہوا کرتا تھا، جس میں ہاتھی رہتے تھے، جسے ہندی میں 'گج' کہتے ہیں۔ گری نے دعویٰ کیا کہ اسی وجہ سے غازی آباد کو گج پرستھ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغل بادشاہ اکبر کے قریبی ساتھی غازی الدین نے نام بدل کر غازی آباد کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔