گجرات، یو پی اور تریپورہ میں ’کھیلا ہوبے‘ پروگرام کی اجازت نہیں مل رہی!

ترنمول کانگریس کا کہنا ہے کہ گجرات، یو پی اور تریپورہ میں مقامی پولیس انتظامیہ کو بار بار درخواست دی گئی مگر اس کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: ترنمول کانگریس نے 16 اگست کو مغربی بنگال سمیت اترپردیش، گجرات اور تری پورہ میں کھیلا ہوبے دیوس منانے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اب تک لکھنؤ اور گجرات حکومت کی جانب سے پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں ملی ہے۔ جب کہ کئی ہفتے قبل ہی ترنمول کانگریس کی مقامی یونٹ نے درخواست دی تھی۔ اترپردیش ترنمول لیڈر نیرج رائے نے آج مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کرکے ایک بار پھر درخواست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں بہت پہلے لکھا اور خط کی ایک کاپی بھیجی۔ لیکن اب بھی وہ اجازت دینے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت یوگی حکومت اپوزیشن جماعتوں کو برداشت نہیں کر رہی ہیں۔

21 جولائی کو ترنمو ل کانگریس کے شہید دیوس کے موقع پر ممتا بنرجی کی تقریر تریپورہ اور اتر پردیش جیسی ریاستوں میں نشر کی گئی تھی۔ اس کے بعد ہی ترنمول کانگریس کی مقامی یونٹوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سڑکوں پر اتر کر احتجاج اور گرفتاری دی تھی۔ اترپردیش حکومت کے مطابق کسی بھی جلوس یا تقریب کے لیے 10 دن پہلے اجازت لینا ضروری ہے۔ ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ دس دن قبل ہی ہم نے درخواست دی تھی اس کے باوجود لکھنؤ پولیس ہمیں اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔


گجرات میں بھی ترنمول کو ابھی تک ”کھیلا ہوبے“ پروگرام کی اجازت نہیں ملی ہے۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ مقامی پولس انتظامیہ کو بار بار درخواست دی گئی مگر اس کے باوجود کوئی جواب نہیں ملا۔دوسری طرف تری پورہ جہاں ترنمول کانگریس نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ کھیلا ہوبے دیوس پر 9 ممبران پارلیمنٹ اور ایک درجن ریاستی وزرا موجود رہیں گے وہاں بھی پروگرام کے انعقاد کو لے کر کوئی اجازت نہیں ملی ہے۔ ترنمول کانگریس نے کہا ہے کہ اگر ہمیں اجازت نہیں ملتی ہے تو ہم ملک بھر میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کے خلاف احتجاج کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */