مہاراشٹر کے بعد پنجاب میں بھی داخلہ کے لیے کورونا کے دونوں ٹیکہ لازمی

پنجاب میں صرف انہی لوگوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جنھوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لے لی ہیں، اگر ایسا نہیں ہے تو نگیٹیو آر ٹی پی سی آر رپورٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

امریندر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
امریندر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا کے ڈیلٹا پلس ویریئنٹ کے بڑھتے معاملے کے درمیان مہاراشٹر کے بعد پنجاب حکومت نے بھی سخت اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ پیر کے روز سے صرف انہی لوگوں کو پنجاب میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنھوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لے لی ہیں، یا جن کے پاس نگیٹو آر ٹی پی سی آر رپورٹ ہو۔ پڑوسی ریاستوں ہماچل پردیش اور جموں سے آنے والے لوگوں پر سخت نگرانی رکھے جانے کا فیصلہ بھی لیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پنجاب کے اسکولوں اور کالجوں میں صرف مکمل ٹیکہ لے چکے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ طلبا کے لیے آن لائن کلاس لینے کا بھی متبادل رہے گا۔ وزیر اعلیٰ امریندر چاہتے ہیں کہ اسپیشل کیمپ لگا کر ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو ترجیحی بنیاد پر کورونا ویکسین دی جائے۔ اسی درمیان ریاست کے وزیر صحت نے اساتذہ اور اسکول ملازمین کے لیے دوسری خوراک کو ترجیح کے ساتھ دینے کے لیے دونوں خوراک کے درمیان فرق کم کرنے پر زور دیا ہے۔


واضح رہے کہ پنجاب میں جمعہ کو کورونا وائرس کے 88 نئے معاملے سامنے آئے تھے اور کسی کی بھی موت نہیں ہوئی تھی۔ ریاست میں مجموعی طور پر تقریباً 6 لاکھ معاملے پہنچ گئے ہیں۔ پنجاب میں اسکول پھر سے کھلنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے روزانہ اسکولوں سے کم از کم 10 ہزار آر ٹی پی سی آر جانچ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔