کھتولی ضمنی انتخاب: بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو جینت چودھری نے بنایا تنقید کا نشانہ

مسلم اکثریتی گاؤں پھلت میں جینت چودھری نے کہا کہ ’’نیو انڈیا کی بات کرنے والوں (بی جے پی) کا قومی نشان بلڈوزر ہے۔ وہ بے قصوروں کے گھروں پر بلڈوزر چلاتے ہیں اور انھیں ہراساں کرتے ہیں۔‘‘

جینت چودھری، تصویر آئی اے این ایس
جینت چودھری، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع واقع کھتولی اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کو لے کر تشہیری مہم جاری ہے۔ آر ایل ڈی کے قومی صدر جینت چودھری بھی پارٹی امیدوار کے حق میں ماحول سازگار بنانے کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ اس کے لیے وہ کھتولی کے دو روزہ دورے پر ہیں، اور پیر کے روز تو انھوں نے پارٹی امیدوار مدن بھیا کے لیے تقریباً 10 گاؤں میں نکڑ جلسے کیے۔

اپنے نکڑ جلسوں کے دوران جینت چودھری نے بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نیو انڈیا کی بات کرنے والوں (بی جے پی) کا قومی نشان بلڈوزر ہے۔ وہ بے قصوروں کے گھروں پر بلڈوزر چلاتے ہیں اور انھیں ہراساں کرتے ہیں۔‘‘ یہ بیان جینت چودھری نے کھتولی کے مسلم اکثریتی گاؤں پھلت میں دیا۔ انھوں نے مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’اس ملک پر تمہارا بھی برابر کا حق ہے۔ آپ کی اگلی نسل ترقی کے راستے پر بڑھ رہی ہے۔‘‘


پھلت گاؤں کے بعد جینت چودھری قریب کے ایک دوسرے گاؤں پہنچے جہاں مرکزی حکومت کے ’اگنی ویر منصوبہ‘ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم اس منصوبہ کو قبول نہیں کر سکتے۔ اسے ایک نکاتی پروگرام بنا لو، ان کے پاس اور کوئی ایشو تو ہے نہیں۔ یہ تو کہہ رہے ہیں کہ کیرالہ ہجرت کے لیے ہمیں ووٹ دو، میں کہہ رہا ہوں کہ اگنی ویر کی مخالفت میں ہمیں ووٹ دو۔ گنے کی قیمت، اور علاقے کی ترقی کے لیے ووٹ دو۔ کسان کی سیاست کو آگے بڑھانے کے لیے ووٹ دو، چودھری چرن سنگھ جی او چودھری اجیت سنگھ جی کے تئیں عقیدت کو یاد کر کے ووٹ دو۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔