کیرالہ: اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کو آر ایس ایس بانی ہیڈگیوار کا نام دینے پر تنازعہ، بی جے پی لیڈر کے خلاف پولیس میں شکایت درج
پلکڑ ضلع میں بن رہے اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا نام آر ایس ایس بانی کے نام پر رکھنے کے خلاف جمعہ کو کانگریس، یوتھ کانگریس اور ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا کے کارکنان نے سنگ بنیاد تقریب کو روک دیا تھا۔

کیرالہ کے پلکڑ میں اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا نام آر ایس ایس بانی کے بی ہیڈگیوار کے نام پر رکھنے کا فیصلہ تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ جمعہ کے روز معذور اشخاص کے لیے بن رہے اس سنٹر کی سنگ بنیاد تقریب تھی، جسے نام پر اعتراض کرنے والے کئی لوگوں نے منعقد نہیں ہونے دیا۔ اس معاملے میں بی جے پی ضلعی صدر پرشانت نے کانگریس رکن اسمبلی راہل ممکوٹ تھل کے خلاف نازیبا تبصرہ کر دیا۔ اب کانگریس نے ہفتہ کے روز پرشانت کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرا دی ہے۔
دراصل پلکڑ ضلع میں بن رہے اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا نام ہیڈگیوار سے منسوب کیے جانے کے خلاف جمعہ کو کانگریس، یوتھ کانگریس اور ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا (ڈی وائی ایف آئی) کے کارکنان نے سنگ بنیاد تقریب روک دی تھی۔ اس معاملے میں بی جے پی ضلع صدر نے کہا تھا کہ پلکڑ کے کانگریس رکن اسمبلی ممکوٹ تھل کو ضلع میں پیر رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس تبصرہ کے خلاف ہی کانگریس نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔
بی جے پی لیڈر کے بیان کا جواب دیتے ہوئے ممکوٹ تھل نے کہا کہ جب تک ان کے پیر ہیں، وہ آر ایس ایس کے خلاف بولنے کے لیے مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔ اگر وہ میرے پیر کاٹ دیں گے تو میں اپنے بچے ہوئے جسم کا استعمال آر ایس ایس کے خلاف بولنے کے لیے کروں گا۔ رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ مجھے بولنے سے روکنے کے لیے انھیں میری زبان کاٹنی پڑے گی۔ تب بھی میں آر ایس ایس کے خلاف کام کرتا رہوں گا۔ اس لیے مین ایسی دھمکیوں سے فکرمند نہیں ہوں۔ میں ایک عوامی نمائندہ ہوں جسے عوام نے منتخب کیا ہے، نہ کہ بی جے پی ضلعی صدر نے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ میں تو یہ جاننے کے لیے پُرجوش ہوں کہ کیرالہ پولیس ایسے لوگوں کے خلاف کیا کارروائی کرے گی جو اس طرح کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعہ کو جب کانگریس، یوتھ کانگریس اور ڈی وائی ایف آئی کارکنان نے اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کی سنگ بنیاد تقریب کو روکنے کی کوشش کی، اس وقت کانگریس کارکنان نے کہا تھا کہ وہ پروجیکٹ کے خلاف نہیں ہیں۔ انھیں اعتراض سنٹر کا نام آر ایس ایس بانی کے نام پر رکھے جانے سے ہے۔ اس مخالفت کی قیادت کر رہے ممکوٹ تھل نے کہا تھا کہ کانگریس مضبوط تحریک چلا کر اس پیش قدمی کی مخالفت کرے گی۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ پروجیکٹ کا نام ہیڈگیوار کے نام پر رکھنے کے لیے کونسل میں کوئی تجویز نہیں رکھی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 12 Apr 2025, 5:40 PM