کیجریوال نے کوچنگ مافیا کے ساتھ مل کر دلت طلبا کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کیا: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’کووڈ کے دوران 15 کروڑ کے بجٹ کا التزام تھا جبکہ کوچنگ سنٹرز کے ذریعہ 145 کروڑ کا بل پوری طرح بدعنوانی کی ملی بھگت کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے ایک بار پھر دہلی کی سابقہ حکومت عام آدمی پارٹی پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’دہلی میں بدعنوانی کی شروعات کرنے والی عام آدمی پارٹی کی حکومت نے دلتوں کا حق مار کر 145 کروڑ کا بدعنوانی کیا ہے، اس معاملے کی سی بی آئی تحقیقات ہونی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی سفارش پر لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) سے تحقیقات کرانا ناکافی ہے۔ کیونکہ گزشتہ حکومت کے دیگر بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات اے سی بی کر رہی ہے، جس کے تحت قصوروار قرار دیے جانے کے باوجود اب تک سخت کارروائی نہیں ہوئی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ 145 کروڑ روپے کے غبن کی رقم عام آدمی پارٹی اور کوچنگ مافیا سے وصولی جائے۔ کیجریوال نے جھاڑو کا انتخابی نشان اور ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر لگا کر دلت طلبا کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ کیجریوال حکومت نے دلت طلبہ کو یو پی ایس سی، نیٹ، کلیٹ، ایس ایس سی کی مفت کوچنگ دینے کے لیے ’جے بھیم چیف منسٹر ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ اسکیم‘ 2018 میں شروع کی اور آخر کیا وجہ ہے کہ اسے 2022 میں بند کر دیا گیا، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2021 سے اگست 2022 کے دوران 13 ہزار طلبا کی یو پی ایس سی کوچنگ کے 145 کروڑ کے بل میں سنگین بدعنوانی چھپی ہوئی ہے۔ 35 کوچنگ سنٹرز کے ذریعہ بل کی تحقیقات میں 10 ہزار ایسے طالب ہیں جن کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے۔ کیجریوال کابینہ کے ساتھ کوچنگ سنٹر بھی اس 145 کروڑ کی بدعنوانی شامل ہیں، کیونکہ ان کے پاس 100 طلبہ تک کا صحیح ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ کووڈ کے دوران 15 کروڑ کے بجٹ کا التزام تھا جبکہ کوچنگ سنٹرز کے ذریعہ 145 کروڑ کا بل پوری طرح بدعنوانی کی ملی بھگت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں 4900، 2019 میں 2017 دلت طلبا اور 22-2021 میں 13000 طلبہ کو کوچنگ دینے کا ریکارڈ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جے بھی اسکیم دلت طلبا کے بہتر مستقبل بنانے کے لیے بنائی گئی تھی لیکن کیجریوال حکومت نے اسے بدعنوانی کا اڈا بنا دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے دلت طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، جن کو کوچنگ ملنی تھی، ان کے نام کے فرضی بل بنا کر کروڑوں کا بدعنوانی کیا گیا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ اروند کیجریوال نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نام پر عوامی بہبود کی اسکیم کو بدعنوانی کا ذریعہ بنا دیا۔ دہلی کے عوام کو دلت کے خیر خواہ ہونے کا دکھاوا کرنے والے اروند کیجریوال نے 11 سالوں میں دلتوں کے حقوق چھیننے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے۔ کووڈ میں جب دہلی کے لاکھوں پریوار معاشی بحران سے نبرد آزما تھے، عام آدمی پارٹی لوگوں کی سانسوں کا سودا کرنے کے ساتھ ساتھ کوچنگ مافیا کے ساتھ مل کر دلت طلبا کے مستقبل کے ساتھ سودا کیا۔ ساتھ ہی دیویندر یادو نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ دلت طلبا کو کوچنگ دینے کے معاملے میں ہوئے 145 کروڑ کے گھوٹالے کی تحقیقات سی بی آئی سے کرائی جائے۔ تاکہ کوچنگ سنٹر کے ساتھ منسلک عام آدمی پارٹی کے نیٹ ورک کا خلاصہ ہو سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔