کیجریوال نے چمکتی دہلی کو خوفناک اور بدحال دہلی میں تبدیل کر دیا: انوپم

انوپم کا کہنا ہے کہ چاہے گرمی ہو، سردی ہو یا برسات ہو، موسم بدلتے ہی دہلی کی حالت خراب ہو جاتی ہے، لوگوں کے لیے یہاں رہنا دشوار ہو گیا ہے، دہلی کے تئیں عآپ کی بے حسی کے سبب لوگ یہاں رہنا نہیں چاہتے۔

<div class="paragraphs"><p>انوپم، تصویر&nbsp;@AnupamConnects</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’یوا ہلّہ بول‘ کے قومی صدر انوپم نے آج دہلی کی عآپ حکومت اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ناکامیوں و جھوٹے وعدوں کا کچا چٹھا میڈیا کے سامنے کھول کر رکھ دیا۔ انھوں نے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی دفتر ’راجیو بھون‘ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’12 سال قبل چمکنے والی دہلی اب آلودہ ہوا، گندے پانی، کوڑے کے پہاڑ، کمر توڑ مہنگائی، ریکارڈ توڑ بے روزگاریکے سبب رہنے لائق نہیں بچی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’چاہے گرمی ہو، سردی ہو یا برسات ہو، موسم بدلتے ہی دہلی کی حالت خراب ہو جاتی ہے۔ یہاں رہنا عوام کے لیے دشوار ہو گیا ہے۔ دہلی کے تئیں عآپ کی بے حسی کے سبب لوگ اب دہلی میں رہنا نہیں چاہتے۔‘‘

انوپم کا کہنا ہے کہ 12-10 سال قبل کانگریس حکومت میں دہلی صاف ستھری تھی۔ یہاں چوڑی سڑکیں، میٹرو ریل، صاف ہوا، صاف سی این جی ایندھن پر پبلک ٹرانسپورٹیشن، ریکارڈ گرین احاطے نظر آتے تھے جس کی وجہ سے دہلی ایک خوبصورت شہر نظر آتا تھا، لوگ یہاں رہنا پسند کرتے تھے۔ دہلی کو دنیا کے سامنے شہری بنیادی ڈھانچے کے ماڈل کی شکل میں پیش کیا جانا چاہیے تھا، لیکن کیجریوال نے مخدود بنیادی ڈھانچوں، بے روزگاری، مہنگائی و بدعنوانی کے ساتھ شہر کو بدحالی کی طرف دھکیل دیا ہے۔


انوپم نے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کو صاف کرنے کے لیے جھاڑو، پھٹے کپڑے اور چمچماتی ویگنار کار لے کر دہلی میں آنے والے کیجریوال نے اس جگہ کی چمک تو چھین ہی لی، عوام کی خوشحالی کی قیمت پر خود کو چمکاتے ہوئے اپنے رہنے کے مقصد سے کروڑوں روپے کا شیش محل بھی بنوا لیا۔ آبکاری گھوٹالہ تو ان کی حصولیابی ہے، جس کی وجہ سے انھیں جیل جانا پڑا۔ اب ضمانت پر باہر آنے کے بعد عدالت میں ملزم رہے کیجریوال عوام سے ایمانداری کا سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں، لیکن عوام ان کی اصلیت جان چکی ہے۔

کیجریوال حکومت میں بدحالی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے انوپم نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں بے روزگاری اور معاشی تنگی کے سبب نوجوان طبقہ میں خودکشی کا رجحان بڑھا ہے۔ دنیا کے سب سے نوجوان ملک میں نوجوان بے روزگاری سے بدحال ہیں اور اپنی جان دینے کے لیے بے بس ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ عآپ اور بی جے پی نے دہلی کے نوجوانوں کو کئی خواب دکھائے لیکن آج 10 سال بعد سارے وعدے جملے اور دھوکے ثابت ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی نوجوانوں کے لیے ’یوا اڑان یوجنا‘ لے کر آئی ہے جس میں نوجوان کی پہلی ملازمت پختہ کر کے ایک سال کے لیے ایپرنٹس شپ کے تحت ماہانہ 8500 روپے دیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔