’کسانوں کے ساتھ ڈھونگ کر رہی کیجریوال حکومت، دہلی میں سیاہ زرعی قوانین نافذ‘

پنجاب کے وزیر اعلیٰ امرندر سنگھ کا کہنا ہے کہ کیجریوال حکومت کسانوں سے ہمدردی کا ڈھونگ کر رہی ہے، کیونکہ کسانوں کی تحریک شروع ہوتے ہی دہلی حکومت نوٹیفکیشن جاری کر سیاہ زرعی قوانین کو نافذ کر چکی ہے۔

کیپٹن امرندر سنگھ/یو این آئی
کیپٹن امرندر سنگھ/یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی (عآپ) نے کسانوں کی تحریک سے متعلق دوغلا رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ ایک طرف تو وہ کسانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا ڈھونگ کر رہی ہے، وہیں دوسری طرف وہ ان سیاہ قوانین کو دہلی میں نافذ کر چکی ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے عآپ کے اس دوہرے کردار پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح عآپ نے خود کو پوری طرح دوغلہ ثابت کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ عآپ کسانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا ڈرامہ کر رہی ہے۔ لیکن دہلی کی کیجریوال حکومت نے گزشتہ 23 نومبر کو ایک گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ ان سیاہ قوانین کو دہلی میں نافذ کر دیا ہے۔ کیپٹن امرندر سنگھ نے کہا کہ عآپ اس پورے ایشو پر سوائے سیاست کرنے کے اور کچھ نہیں کر رہی۔


پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عآپ کسانوں کی پیٹھ کے پیچھے سارے کام کر رہی ہے۔ ملک کے اَن داتا جب ’دہلی چلو‘ کی ہُنکار کے ساتھ دہلی روانہ ہونے والے تھے، اس سے پہلے ہی کیجریوال حکومت نے اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کر کسانوں کے لیے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیا۔

کیپٹن امرندر سنگھ نے عآپ کے رویہ سے حیران ہوتے ہوئے سوال کیا کہ ’’کیا کوئی شرم نہیں ہے؟‘‘ انھوں نے کیجریوال کی پارٹی کے ذریعہ کسانوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال صرف اور صرف سیاسی ڈرامہ کر رہے ہیں۔ کیپٹن امرندر نے مزید کہا کہ ’’پہلے تو وہ دہلی اسمبلی میں ان قوانین کو بے اثر کرنے کا قرارداد پاس نہیں کرا پائے، جیسا کہ پنجاب نے کیا تھا۔ اور اب تو آفیشیل طور پر انھوں نے ان زرعی قوانین کو دہلی میں نافذ کر دیا۔ اس طرح عآپ کی منشا اور ان کی ملی بھگت کی قلعی کھل گئی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کیجریوال حکومت نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی اس بات کے لیے مذمت کی تھی کہ وہ کسانوں کے ایشو کو ٹھیک سے سنبھال نہیں پائے۔ اس پر امرندر سنگھ نے کہا کہ وہ جہاں کسانوں کےمفادات کے لیے لڑ رہے ہیں، وہیں کیجریوال کسانوں کے پیروں کے نیچے سے زمین کھینچ لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ کیپٹن امرندر نے کہا کہ ’’عآپ نے ایک بار بھی کسانوں پر ہوئے ظلم کی مذمت یا تنقید نہیں کی۔‘‘ اپنے تازہ بیان میں کیپٹن امرندر سنگھ نے کہا کہ دہلی حکومت نے کسانوں کو رام لیلا میدان میں یا جنتر منتر میں مظاہرہ کرنے کی اجازت نہ دے کر بی جے پی کا ساتھ دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔