کے سی وینوگوپال ایک بار پھر پارلیمنٹ کی ’پبلک اکاؤنٹس کمیٹی‘ کے چیئرمین مقرر

ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال کو 27-2026 کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کے سی وینوگوپال / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ کی اہم کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا تقرر کر دیا ہے۔ کے سی وینوگوپال کو ایک بار پھر پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بی جے پی کے بیجینت پانڈا کو پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز (پی ایس یو) کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال کو سال 27-2026 کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ اسی طرح، بیجینت پانڈا کو سال 27-2026 کے لیے پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم مئی 2026 سے شروع ہو کر 30 اپریل 2027 کو ختم ہونے والی مدت کار کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اراکین کے طور پر کل 21 اراکین پارلیمنٹ کا تقرر کیا گیا ہے۔ ان میں لوک سبھا کے 15 اور راجیہ سبھا کے 6 اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔ لوک سبھا سے ٹی آر بالو، کلیان بنرجی، نشی کانت دوبے، جگدمبیکا پال، جے پرکاش، روی شنکر پرساد، سی ایم رمیش، مگونٹا سری نواسلو ریڈی، اپراجیتا سارنگی، امر سنگھ، تیجسوی سوریا، انوراگ سنگھ ٹھاکر، بالاشوری ولبھنینی، کے سی وینوگوپال اور دھرمیندر یادو کو منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ راجیہ سبھا سے رکن پارلیمنٹ اشوک راؤ شنکر راؤ چوہان، کے لکشمن، پرفل پٹیل، سکھیندو شیکھر رائے، اکھلیش پرساد سنگھ اور سدھانشو ترویدی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔


پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز (پی ایس یو) کمیٹی میں کل 22 اراکین ہیں، جن میں لوک سبھا کے 15 اور راجیہ سبھا کے 7 اراکین پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ فگن سنگھ کلستے کو درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی بہبود کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ اس کمیٹی میں کل 30 اراکین کا تقرر کیا گیا ہے، جن میں لوک سبھا سے 20 اور راجیہ سبھا سے 10 اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اسپیکر اوم برلا نے لوک سبھا کے لیے ’تخمینہ کمیٹی‘ بھی تشکیل دی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنجے جیسوال کو تخمینہ کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ اس کمیٹی میں بھی لوک سبھا سے 20 اور راجیہ سبھا کے 10 اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ کل 30 اراکین کو مقرر کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔