کشمیر: برف و باراں کے بعد موسم میں بہتری واقع، مغل روڈ پر ٹریفک بحال

سری نگر جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں تازہ برف وباراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 12 نومبر تک موسم مجموعی طو پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ایک روز بعد ہفتے کو ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔

ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مٹی کے تودے اور برف ہٹانے کے بعد مغل روڈ کو ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بحال کر دیا گیا۔ سری نگر جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 13.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔


وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی موسم خشک مگر ابر آلود رہا گرچہ آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں، تاہم مطلع پر غلبہ بادلوں کا ہی رہا۔


لوگوں کا کہنا ہے کہ تازہ بارشوں سے شہر و گام کی سڑکیں پانی اور کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں جس سے راہگیروں کا چلنا پھرنا از بس محال بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے جن پر چلنا پھرنا مشکل ہی نہیں بلکہ خطرے سے بھی باہر نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔