وادی کشمیر: تاریخی مغل روڈ ٹریفک کے لئے ایک بار پھر بند

ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ کو منگل کی دوپہر کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے کھولا گیا تھا لیکن پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے باعث اس کو بدھ کے روز ایک بار پھر بند کر دیا گیا۔

مغل روڈ، تصویر آئی اے این ایس
مغل روڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ کو برف باری کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔

ٹریفک ذرائع نے بتایا کہ تاریخی مغل روڈ کو منگل کی دوپہر کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے کھولا گیا تھا لیکن پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے باعث اس کو بدھ کے روز ایک بار پھر بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ روڈ اتوار کے روز کئی مقامات جیسے پیر کی گلی، منسر مہرے اور پوشہ پر برف باری کے وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔


ان کا کہنا تھا کہ سونہ مرگ کے ارد گرد برف باری ہونے کی وجہ سے سری نگر- سونہ مرگ- گمری روڈ کو بھی ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ بتادیں کہ متعلقہ حکام نے لوگوں سے تاکید کی ہے کہ وہ سری نگر- قومی شاہراہ، مغل روڈ وغیرہ پر سفر کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔