کشمیر: کورونا میں مبتلا سی آر پی ایف اہلکار سمیت دو افراد کی موت

ان دو اموات کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 38 کی موت کشمیر میں واقع ہوئی ہے جبکہ پانچ کا تعلق جموں سے ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں ایک سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکار اور ایک عام شہری کی کورونا میں مبتلا ہوکر جان سے ہاتھ دھونے کے ساتھ جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 43 ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار کی شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر جبکہ ضلع سری نگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی اسپتال برائے امراض سینہ ڈل گیٹ سری نگر میں موت واقع ہوئی ہے۔

سکمز صورہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر فاروق جان نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اننت ناگ کے ارنہال علاقے میں تعینات اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے سی آر پی ایف کی 90 بٹالین سے وابستہ ایک 40 سالہ اہلکار کو یہاں 4 جون کو لایا گیا جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور اس کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی سی آر پی ایف اہلکار سائنس لینے کی بیماری سے بھی دوچار تھا۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں یہ کسی سی آر پی ایف اہلکار کی کورونا میں مبتلا ہوکر موت واقع ہونے کا پہلا کیس ہے۔ دریں اثنا سی آر پی ایف کے ترجمان جنید خان نے مذکورہ جوان کے کورونا میں مبتلا ہو کر موت واقع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متوفی جوان کا بیمار ہونے کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔


انہوں نے مزید کہا کہ متوفی سی آر پی ایف جوان کی آخری رسومات کورونا وائرس پروٹوکال کے تحت یہیں انجام دی جائیں گی اور معمول کے برعکس لاش کو آبائی علاقہ میں نہیں بھیجا جائے گا۔ دریں اثنا سری نگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا ایک 35 سالہ شخص کی سی ڈی اسپتال میں موت واقع ہوئی ہے۔ سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے بتایا کہ خانیار سے تعلق رکھنے والے ایک 35 سالہ شخص کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ متوفی ایک سڑک حادثے میں زخمی ہوا تھا اور اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ موصوف ڈاکٹر نے مزید کہا کہ متوفی کو پہلے شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر میں داخل کیا گیا تھا جہاں سے اس کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سی ڈی اسپتال ریفر کیا گیا تھا۔

ان دو اموات کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق مرنے والوں کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 38 کی موت کشمیر میں واقع ہوئی ہے جبکہ پانچ کا تعلق جموں سے ہے۔ کشمیر میں کورونا سے متعلق مرنے والوں میں سے دو غیر کشمیری ہیں جن میں ایک سی آر پی ایف اہلکار اور ایک درزی شامل ہیں۔ وادی کشمیر میں اب تک ضلع سری نگر میں مرنے والوں کی تعداد دیگر تمام اضلاع سے زیادہ ہے جہاں اب تک کورونا میں مبتلا 12 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سری نگر کے بعد دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک سات اموات درج ہوئی ہیں جبکہ اننت ناگ میں پانچ، کولگام میں چار، شوپیاں میں تین، بڈگام اور کپوارہ میں دو دو اور بانڈی پورہ،میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر راہی ملک عدم ہوگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔