اننت ناگ تصادم، حزب کمانڈر سمیت تین ملی ٹنٹ ہلاک  

جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے چوہار رانی پورہ میں اتوار کی رات دیر گئے شروع ہونے والا مسلح تصادم تین ملی ٹنٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے ایک اعلیٰ کمانڈر سمیت تین ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ژوہرو رانی پورہ میں اتوار کی رات دیر گئے شروع ہونے والا مسلح تصادم تین ملی ٹنٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے۔

مہلوک ملی ٹنٹوں کی شناخت صوبہ جموں کے ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے حزب المجاہدین سے وابستہ کمانڈر مسعود، طارق خان ساکنہ لالچوک اننت ناگ اور ندیم ساکنہ کولگام کے بطور کی گئی ہے۔ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مسعود کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف حزب کمانڈر اب کشمیر میں ہی سرگرم تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسعود کی ہلاکت کے ساتھ ضلع ڈوڈہ ایک بار پھر ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے صاف ہو گیا ہے۔


موصوف پولیس سربراہ کا دعویٰ ہے کہ مہلوک ملی ٹنٹ کمانڈر عصمت دری کے ایک کیس میں ملوث تھا اور تب سے مفرور تھا اور بعد میں اس نے حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور دو پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ تلاشی آپریشن جاری ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ژوہرو رانی پورہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر اننت ناگ پولیس، فوج کی 19 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں گزشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی ایک مشتبہ جگہ کو گھیرنے لگی تو وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔


انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم چھڑ گیا جس میں تین ملی ٹنٹ مارے گئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید تین ملی ٹنٹئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے ملی ٹنٹئوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہوگئی ہے۔ ان میں مختلف ملی ٹنٹ تنظیموں کے چھ آپریشنل کمانڈرس بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2020, 11:40 AM
/* */