کشمیر: نئے اراضی قوانین کے خلاف پی ڈی پی کا احتجاج ناکام، دفتر بھی سیل

محبوبہ مفتی نے ٹوئٹ میں کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے سری نگر میں پی ڈی پی دفتر کو سیل کیا اور کارکنان کو پرامن احتجاج کرنے پر گرفتار کیا۔ جموں میں اگر ایسے احتجاج کی اجازت دی گئی تو یہاں کیوں نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: پولیس نے جمعرات کی صبح یہاں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے دفتر کو سیل اور لیڈروں و کارکنوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر پارٹی کے نئے اراضی قوانین کے خلاف احتجاج کو ناکام بنا دیا۔ پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے پولیس کی طرف سے اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

پی ڈی پی کے لیڈران و کارکنان جمعرات کی صبح یہاں شیر کشمیر پارک کے قریب واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر مرکزی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے نئے اراضی قوانین کو لاگو کرنے کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے جمع ہوئے تو وہاں پہلے سے ہی بھاری تعداد میں تعینات سیکورٹی فورسز بالخصوص جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں نے حرکت میں آکر انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر کو بھی مبینہ طور پر سیل کر دیا گیا تھا اور جن لیڈروں کو حراست میں لیا گیا ان میں خورشید عالم، وحید الرحمان پرہ، رؤف بٹ، محسن قیوم، طاہر سعید وغیرہ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔


محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'پولیس نے جموں و کشمیر کے لوگوں پر نو آبادیاتی اراضی قوانین ٹھونسنے کے خلاف احتجاج کرنے پر پی ڈی پی کے وحید پرہ، خورشید عالم، رؤف بٹ، محسن قیوم کو گرفتار کیا۔ ہم اجتماعی طور پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے اور ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کریں گے'۔

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ 'جموں و کشمیر انتظامیہ نے سری نگر میں پی ڈی پی دفتر سیل کیا اور کارکنوں کو پر امن احتجاج کرنے پر گرفتار کیا۔ جموں میں اگر ایسے احتجاج کی اجازت دی گئی تو یہاں کیوں نہیں، کیا یہی آپ لوگوں کی نارملسی کی تعریف ہے جس کو دنیا بھر میں پیش کیا جا رہا ہے'۔ قابل ذکر ہے کہ پی ڈی پی نے بدھ کے روز جموں میں یونین ٹریٹری میں نئے اراضی قوانین لاگو کرنے کے خلاف احتجاج درج کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔