کشمیر: خوشگوار موسم کے درمیان بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 10 اپریل سے 14 اپریل تک کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم 15 اور 16 اپریل کو موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے کے دوران بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم ہفتے کی سہ پہر کے بعد بالائی علاقوں میں ایک دو جگہوں پر ہلکے درجے کی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 10 اپریل سے 14 اپریل تک کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم 15 اور 16 اپریل کو موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

دریں اثنا وادی میں ہفتے کے روز موسم خوشگوار رہا تاہم مطلع پر بادل بھی چھائے رہے جو کئی بار آفتاب کو اپنے پیچھے چھپانے میں کامیاب بھی ہوا۔ وادی میں خوشگوار موسم کے بیچ مغل باغوں خاص کر جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کا رش برابر جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے درجہ حرارت سے بہت کم تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.1 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن مانے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔