کرناٹک: حلف برداری تقریب میں نہ کیجریوال مدعو ہیں نہ چندرشیکھر راؤ، 10 پارٹیوں سے کانگریس نے بنائی دوری!

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے سابق پارٹی صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو خاص طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

کرناٹک اسمبلی انتخاب کا نتائج برآمد ہونے کے بعد کچھ دنوں تک لوگوں کی زبان پر یہ سوال رہا کہ ریاست کا وزیر اعلیٰ کون بنے گا۔ اب جبکہ اس سوال کا جواب مل گیا ہے تو لوگ یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ سدارمیا کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے کن کن پارٹیوں اور لیڈران کو کانگریس نے دعوت نامہ بھیجا ہے۔ 20 مئی کو بنگلورو میں ہونے والی اس حلف برداری تقریب سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے اس میں شرکت کے لیے 19 پارٹیوں کے لیڈران کو دعوت نامہ بھیجا ہے۔ علاوہ ازیں 10 پارٹیاں ایسی ہیں جن سے کانگریس نے دوری بنائی ہے۔ اس میں 2 نام جو بہت اہم ہیں، وہ ہیں عام آدمی پارٹی اور تیلگو دیشم پارٹی۔ یعنی نہ ہی کیجریوال کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، اور نہ ہی کے سی آر یعنی چندرشیکھر راؤ کو مدعو کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حلف برداری تقریب میں کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈران شرکت کرنے والے ہیں۔ تقریب میں شرکت کے لیے سابق پارٹی صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو خاص طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔


کانگریس نے اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے کے مقصد سے جن ہم خیال پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کو حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے، ان میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو، این سی پی چیف شرد پوار، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ وغیرہ شامل ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ممتا بنرجی اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گی، لیکن اپنی جگہ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار کو بھیج رہی ہیں۔

بہرحال، کانگریس نے جن 19 پارٹیوں کو حلف برداری تقریب میں مدعو کیا ہے ان کے نام ہیں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سماجوادی پارٹی، آر ایل ڈی، جنتا دل یو، آر جے ڈی، سی پی آئی ایم ایل، سی پی ایم، سی پی آئی، ترنمول کانگریس، جے ایم ایم، شیوسینا، این سی پی، ڈی ایم کے، ایم ڈی ایم کے، وی سی کے، کیرالہ کانگریس، آئی یو ایم ایل، آر ایس پی۔ جن 10 پارٹیوں سے کانگریس نے دوری بنائی ہے ان کے نام ہیں عام آدمی پارتی، بہوجن سماج پارٹی، بی جے ڈی، بی آر ایس، اے آئی ایم آئی ایم، وائی ایس آر کانگریس، ٹی ڈی پی، اے آئی یو ڈی ایف، آئی این ایل ڈی، جے ڈی ایس۔


واضح رہے کہ حلف برداری تقریب بنگلورو میں دوپہر تقریباً 12.30 بجے شروع ہوگی۔ اس میں سدارمیا کو وزیر اعلیٰ اور ریاستی یونٹ کے صدر ڈی کے شیوکمار کو نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا جائے گا۔ ان دونوں کے علاوہ کچھ وزراء بھی حلف لیں گے، اور پھر کچھ لیڈروں کو بعد میں کابینہ توسیع کے ذریعہ قلمدان سونپا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔