آرین خان معاملہ: سمیر وانکھیڑے اور شاہ رخ خان کے درمیان ہوئی بات چیت پر مبنی حیرت انگیز چیٹ آیا سامنے

سامنے آئے چیٹ میں یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ آرین خان کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا ہے، سمیر وانکھیڑے نے اپنی عرضی میں بتایا ہے کہ سینئر افسر کے حکم کے مطابق انھوں نے کیس پر کام کیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

آرین خان معاملہ میں این سی بی کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے کی مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں، حالانکہ وہ اپنا ہر ممکن دفاع کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس درمیان سمیر وانکھیڑے اور شاہ رخ خان کے درمیان چیٹ کے ذریعہ ہوئی بات چیت سامنے آئی ہے۔ اس حیرت انگیز چیٹ کو سمیر وانکھیڑے نے ہائی کورٹ میں داخل کی گئی عرضی کے ساتھ اٹیچ (منسلک) کیا ہے۔ چیٹ کی بات چیت میں یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ آرین کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا ہے۔ ساتھ ہی سمیر وانکھیڑے نے اپنی عرضی میں بتایا کہ سینئر افسر کے حکم پر ہی انھوں نے کیس پر کام کیا۔

بہرحال، سمیر وانکھیڑے کے ساتھ آرین خان کے والد اور بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی چیٹنگ قابل غور ہے۔ سمیر کا کہنا ہے کہ شاہ رخ نے انھیں میسج کیا تھا۔ میسج میں کنگ خان نے کہا کہ ’’آپ نے مجھے میرے بارے میں جو بھی نظریہ اور نجی جانکاری دی ہے، اس کے لیے میں آپ کا مناسب شکریہ نہیں ادا کر پاؤں گا۔ میں یہ یقینی کروں گا کہ وہ (آرین) کوئی ایسا انسان بنے جس پر آپ کو اور مجھے دونوں کو فخر ہو۔ یہ حادثہ ان کی زندگی میں ایک اچھا موڑ ثابت ہوگی، میں وعدہ کرتا ہوں، ایک اچھے طریقے سے...۔‘‘ چیٹ میں آگے شاہ رخ خان نے لکھا ہے ’’تھینک یو، آپ ایک بھلے آدمی ہیں۔ پلیز آج اس پر رحم کریں، میں گزارش کرتا ہوں۔‘‘ اس پر وانکھیڑے نے لکھا ’’بالکل۔ ڈانٹ وَری۔‘‘


اس چیٹ میں شاہ رخ کی طرف سے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’گاڈ بلیس یو، مجھے آپ سے ذاتی طور پر ملنا ہے اور آپ کو گلے لگانا ہے۔ جب بھی آپ کے لیے مناسب ہو، پلیز مجھے بتائیں۔ سچ تو یہ ہے کہ میں ہمیشہ سے آپ کی عزت کرتا رہا ہوں، اور اب وہ کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ بِگ رسپیکٹ۔‘‘ اس پر وانکھیڑے نے جواب دیا ’’بالکل ڈیئر، ہم ملتے ہیں، پہلے یہ سب ختم ہو جائے۔‘‘

واضح رہے کہ این سی بی کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے ان دنوں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان معاملے میں رشوت لینے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف سی بی آئی کی طرف سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وانکھیڑے پر الزام ہے کہ 3 اکتوبر 2021 کو گوا جا رہے کارڈیلیا کروز سے ڈرگس ضبطی معاملے میں انھوں نے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو ملزم نہ بنانے کے عوض میں مبینہ طور پر 25 کروڑ روپے کی رشوت مانگی تھی۔ انہی الزامات کے سبب سی بی آئی نے وانکھیڑے اور چار دیگر کے خلاف حال ہی میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ بعد ازاں وانکھیڑے نے ہائی کورٹ کی تعطیل بنچ کے سامنے داخل اپنی عرضی میں اپیل کی ہے کہ سی بی آئی میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں ان کے خلاف کوئی سزا پر مبنی کارروائی نہ کی جائے۔ اس عرضی پر فی الحال بنچ کا فیصلہ آنا باقی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔