کرناٹک: مسلم شخص نے ’ہنومان مندر‘ کے لیے کروڑوں روپے کی زمین کا کیا عطیہ

بنگلورو کے مائلہ پورہ علاقہ میں باشا نے اپنی 3 ایکڑ زمین بڑے ہنومان مندر کی تعمیر کے لیے عطیہ کی ہے اور اس بات کو لے کر ہندو طبقہ میں خوشی کا ماحول ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @MidageM
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @MidageM
user

تنویر

کرناٹک میں ایک مسلم شخص کے ذریعہ مذہبی ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال دیکھنے کو ملی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بنگلورو میں رہنے والے مسلم کاروباری نے سماجی خیر سگالی کو فروغ دینے والا ایسا قدم اٹھایا ہے، جس کی نظیر بہت کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ دراصل ایچ ایم جی باشا نامی 65 سالہ کاروباری نے اپنی زمین ’ہنومان مندر‘ بنانے کے لیے ہندوؤں کو عطیہ کر دی۔ ایسا انھوں نے اس لیے کیا کیونکہ وہ ایک چھوٹے سے ہنومان مندر میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھتے تھے، اور یہاں پوجا کے لیے پہنچنے والوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ہندو عقیدتمندوں کو پریشانی نہ ہو، یہ سوچتے ہوئے انھوں نے اپنی زمین عظیم الشان ہنومان مندر بنانے کے لیے عطیہ کر دی۔

ہندی نیوز پورٹل ’نیوز 18‘ پر اس سلسلے میں ایک خبر شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایچ ایم جی باشا نے جو زمین ہندوؤں کو عطیہ کی ہے اس کی قیمت کروڑوں روپے میں ہے۔ بنگلورو کے مائلہ پورہ علاقہ میں باشا نے اپنی 3 ایکڑ زمین کا عطیہ کیا ہے اور اس بات کو لے کر ہندو طبقہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ علاقے میں باشا کی خوب تعریف ہو رہی ہے اور لوگوں نے ان کا پوسٹر بھی لگا دیا ہے۔ باشا کی عطیہ کردہ زمین کے بغل میں ہی وہ چھوٹا ہنومان مندر موجود ہے جہاں لوگوں کی زبردست بھیڑ لگی رہتی ہے۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق مندر کمیٹی نے چھوٹے ہنومان مندر کی توسیع کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن اس کے پاس زمین نہیں تھی۔ بغل میں باشا کی جو زمین تھی، اس کے لیے مندر کمیٹی ان سے بات کرنے میں کترا رہی تھی۔ ایک دن جب باشا نے مندر میں دیکھا کہ بھکت بہت بڑی تعداد میں جمع ہیں اور چھوٹی جگہ ہونے کی وجہ سے انھیں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تو خود ہی مندر کمیٹی کے پاس پہنچ گئے اور اپنی زمین عطیہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس پر مندر کمیٹی کے لوگ بہت خوش ہوئے اور اس قدم کے لیے باشا کا شکریہ ادا کیا۔

میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق زمین اولڈ مدراس روڈ پر موجود ہے۔ یہاں چھوٹے ہنومان مندر کے بغل میں ہی لوگوں نے باشا کے پوسٹر اور بینر لگا دیئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہنومان مندر کی تعمیر کے لیے کارروائی کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔