کرناٹک: بومئی حکومت کے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم، وزیر اعلیٰ نے فنانس اپنے پاس رکھا

بسوراج بومئی نے فنانس کے علاوہ بنگلور کی ترقی اور کابینہ سے متعلق امور کے اہم قلمدانوں کو بھی اپنے پاس رکھا ہے۔ وہیں، بی جے پی کے کور ارکان اسمبلی کو بھی بومئی کی وزارت میں اہم قلمدان حاصل ہوئے ہیں۔

بسوراج بومئی / آئی اے این ایس
بسوراج بومئی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے طور پر ذمہ داری سنبھالنے کے بعد بسوراج بومئی نے کایبنہ میں شامل 29 وزرا کو ان کے قلمدان سونپ دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بومئی نے فنانس کا قلمدان اپنے پاس رکھا ہے، جبکہ اراگا گیانیندر کو وزارت داخلہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے فنانس کے علاوہ بنگلور کی ترقی اور کابینہ سے متعلق امور کے اہم قلمدانوں کو بھی اپنے پاس رکھا ہے۔ وہیں، بی جے پی کے کور ارکان اسمبلی کو بھی بومئی کی وزارت میں اہم قلمدان حاصل ہوئے ہیں۔


سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سنیل کمار کو توانائی اور بجلی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ وزیر کا عہدہ حاصل کرنے والے بی سی ناگیش کو ابتدائی تعلیم کا قلمدان سونپا گیا ہے، جبکہ اراگا گیانیندر کو وزارت داخلہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کے ایس ایشورپا کو دیہی اور پنچایتی راج کی ترقی کی وزارت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہیں، بی شریرامولو کو نقل و حمل اور قبائلی بہبود کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

خیال رہے کہ نئی کابینہ میں سات وزرا کا تعلق او بی سی سے، تین کا تعلق ایس سی سے ایک کا ایس ٹی سے، سات کا ووکالیگا اور آٹھ کا لنگایت طبقہ سے ہے۔ بسوراج بومئی نے حال ہی میں نئی دہلی کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد وزرا کونسل کے ناموں پر مہر ثبت کی گئی ہے۔


یاد رہے کہ کرناٹک میں حال ہی میں بی ایس یدی یورپا نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد پارٹی کی جانب سے بسوراج بومئی کو ریاست کی کمان سونپ دی گئی تھی۔ بسوراج بومئی کے والد ایس آر بھی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔