کرناٹک کانگریس کا منریگا کے خلاف ’راج بھون چلو‘ احتجاج، ڈی کے شیوکمار کا مرکز پر شدید حملہ

کرناٹک کانگریس منریگا کو کمزور کرنے کے خلاف منگل کو ’راج بھون چلو‘ مارچ کرے گی۔ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ یہ قانون دیہی عوام کے حقِ روزگار سے جڑا ہے اور اس کے دفاع کی جدوجہد جاری رہے گی

<div class="paragraphs"><p>ڈی کے شیوکمار / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بنگلورو: کرناٹک میں برسراقتدار کانگریس پارٹی نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ختم کرنے کے منصوبے کے خلاف منگل کو ’راج بھون چلو‘ مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ اس احتجاج کی قیادت نائب وزیر اعلیٰ اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار کریں گے۔ انہوں نے بنگلورو میں پارٹی دفتر میں یومِ جمہوریہ کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ منریگا جیسے عوامی فلاحی قانون کو کمزور کرنا غریبوں کے حقِ روزگار پر براہِ راست حملہ ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے نام سے جڑی اس اسکیم کے تحت دیہی علاقوں میں لاکھوں خاندانوں کو روزگار ملا ہے اور اسے ختم کرنے یا محدود کرنے کی کوئی بھی کوشش تشویش ناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس اس فیصلے کے خلاف صرف ریاست ہی نہیں بلکہ قومی سطح پر بھی جدوجہد کر رہی ہے اور کرناٹک میں ’راج بھون چلو‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

ان کے مطابق احتجاج کے بعد ریاست کے ہر تعلقہ میں کم از کم پانچ کلو میٹر طویل پیدل مارچ بھی نکالا جائے گا، جس میں ضلع وزرا، مقامی اداروں کے نمائندے اور کانگریس کارکن بڑی تعداد میں شامل ہوں گے۔ گرام پنچایت سطح پر بھی پارٹی کارکنوں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام کو منریگا کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔


شیوکمار نے دعویٰ کیا کہ کرناٹک حکومت منریگا کے تحت ہر سال تقریباً چھ ہزار کروڑ روپے خرچ کر رہی ہے، جس سے دیہی معیشت کو سہارا ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز اس اسکیم کے لیے مناسب فنڈ فراہم نہیں کرتا تو اس کا براہِ راست اثر ریاستوں اور دیہی مزدوروں پر پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اس معاملے کو ریاستی اسمبلی میں بھی اٹھائے گی اور بحث کے بعد ایک قرارداد منظور کرنے کی تیاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح زرعی قوانین کے خلاف مسلسل تحریک کے بعد مرکز کو فیصلہ واپس لینا پڑا تھا، اسی طرح منریگا کے معاملے میں بھی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

بی جے پی اور جے ڈی ایس کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ دیہی علاقوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کو اس مسئلے پر بولنا چاہیے۔ انہوں نے منریگا کو آئینی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا، کانگریس کی لڑائی جاری رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔