کرناٹک: مندکلی ہوائی اڈہ کا نام ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی تجویز اسمبلی سے پاس، بی جے پی ناراض

تجویز کے مطابق ہبلی ہوائی اڈے کا نام کرانتی ویرا سنگولی، بیلگاوی ہوائی اڈہ کا نام کتّور رانی چینما، شیوموگا ہوائی اڈے کا نام کویمپو اور وجئے پورہ ہوائی اڈہ کا نام شری جگ جیوتی بسویشور ہونا چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹیپو سلطان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ٹیپو سلطان، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کرناٹک میں ایک بار پھر ٹیپو سلطان کے نام پر سیاست شروع ہو گئی ہے۔ ریاست میں برسراقتدار کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے مندکلی ہوائی اڈہ کا نام اٹھارہویں صدی کے حکمراں ٹیپو سلطان کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اسمبلی سے یہ تجویز جمعرات کو اتفاق رائے سے پاس ہو گیا۔ اس عمل سے بی جے پی میں شدید ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ صرف مندکلی ہوائی اڈہ کا نام ہی بدلنے کی تجویز اسمبلی سے منظور نہیں ہوئی ہے، بلکہ کچھ دیگر ہوائی اڈوں کے نام بھی مشہور ہستیوں کے نام پر کرنے کی تجویز ہے۔ پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہبلی ہوائی اڈے کا نام کرانتی ویرا سنگولی راینّا، بیلگاوی ہوائی اڈہ کا نام کتّور رانی چینما، شیوموگا ہوائی اڈے کا نام ڈاکٹر کے وی پوٹپا (کویمپو) اور وجئے پورہ ہوائی اڈہ کا نام شری جگ جیوتی بسویشور ہونا چاہیے۔


ہبلی-دھارواڑ (مشرق) اسمبلی حلقہ سے منتخب پرساد ابیّا نے ہوائی اڈہ کے نام بدلنے پر بحث کے دوران کہا کہ ’’میں میسورو ہوائی اڈہ کا نام ٹیپو سلطان ہوائی اڈہ کرنے کی تجویز پیش کرتا ہوں۔‘‘ کانگریس لیڈر کے اس بیان کے بعد اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا۔

واضح رہے کہ کرناٹک میں ٹیپو سلطان کے نام پر تنازعہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس کی شروعات 10 نومبر 2016 کو اس وقت ہوئی تھی جب سدارمیا کی قیادت والی اس وقت کی کانگریس حکومت نے ٹیپو سلطان کا یومِ پیدائش منایا تھا اور بی جے پی نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ تب سے ووٹرس کو پولرائز کرنے کے لیے کرناٹک اور پڑوسی ریاست مہاراشٹر میں بی جے پی اور دایاں محاذ تنظیمیں بار بار ٹیپو سلطان کی شخصیت مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔