دہلی میں 1300 سے زیادہ چھٹھ گھاٹوں پر تیاریاں مکمل: کپل مشرا
کپل مشرا نے کہا کہ کئی برسوں تک پوروانچل سماج کو یمنا کے کنارے چھٹھ پوجا کرنے سے روکا گیا تھا، جو عقیدت مندوں کے آستھا کے ساتھ ایک بڑی ناانصافی تھی۔

دہلی کے فن اور ثقافت کے وزیر کپل مشرا نے ہفتہ کو کہا کہ دہلی بھر میں تقریباً 1,300 مقامات پر چھٹھ پوجا کے گھاٹ بنائے گئے ہیں، جن میں یمنا ندی کے کنارے 17 بڑے گھاٹ بھی شامل ہیں۔کپل مشرا نے کل نریلا چھٹھ گھاٹ پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران کو تمام ضروری سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت اس بار چھٹھ پوجا کو تاریخی اور شاندار انداز میں منانے کے لیے پرعزم ہے۔ یمنا کے کنارے 17 اہم گھاٹوں سمیت پوری دہلی میں تقریباً 1300 مقامات پر چھٹھ پوجا کے گھاٹ بنائے گئے ہیں، جہاں پر سیکورٹی، صفائی، روشنی، پانی کی فراہمی، خیموں اور دیگر ضروری انتظامات کو اولین ترجیح دی جارہی ہے تاکہ عقیدت مند بغیر کسی تکلیف کے چھٹھی مئیا کی پوجا کرسکیں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران، مقامی عوامی نمائندوں، کمیٹیوں اور رضاکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ تمام ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ دہلی کے شہریوں کو چھٹھ کے موقع پر کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کپل مشرا نے کہا کہ کئی برسوں تک پوروانچل سماج کو یمنا کے کنارے چھٹھ پوجا کرنے سے روکا گیا تھا، جو عقیدت مندوں کے آستھا کے ساتھ ایک بڑی ناانصافی تھی۔ مگر آج یہ فخر کی بات ہے کہ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی حکومت نے راجدھانی کے ہر کونے میں چھٹھ پوجا کی تیاری کرائی ہے۔ اس بار لوگ پورے عقیدت و احترام کے ساتھ چھٹھی مئیّا کی پوجا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نریلا، تِرلوک پوری، سونیا وہار، کالندی کنج اور واسودیو گھاٹ سمیت تمام اہم مقامات پر تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ ٹینٹ، اسٹیج، بیریکیڈنگ، طبی سہولیات اور صفائی کے کام تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔ دہلی حکومت چھٹھ کو صرف ایک مذہبی تقریب نہیں بلکہ آستھا، اتحاد اور ثقافت کے جشن کے طور پر دیکھتی ہے۔ یہ تہوار اب صرف پوروانچل سماج کا نہیں بلکہ پورے دہلی کے عوام کا تہوار بن چکا ہے۔