صحافیوں کو بھی ترجیحی بنیاد پر کورونا کا ٹیکہ لگایا جائے: کمل ناتھ

سابق وزیر علیٰ کمل ناتھ نے وزیر اعظم سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیکہ کاری مہم میں جس طرح سے لوگوں کو جوڑا گیا ہے، اسی طرح صحافیوں کی بھی ترجیحی بنیاد پر ٹیکہ کاری مفت کی جانی چاہیے۔

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو کورونا ٹیکہ کاری مہم میں ترجیح دیتے ہوئے انہیں مفت ٹیکہ لگوایا جانا چاہیے۔ کمل ناتھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اس تعلق سے ایک خط ارسال کیا ہے۔ کمل ناتھ نے اپنے تحریر کردہ خط میں کہا کہ میڈیا کے ساتھیوں نے کورونا کی وبا کے مشکل دور میں جو ذمہ دار صحافت کا فریضہ انجام دیا ہے، اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اپنے خط میں کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے دیسی ساختہ کورونا ویکسین تیاری کرنے میں بیش قیمت تعاون دینے اور مریضوں کو انفیکشن سے پاک کرنے میں مدد دینے والے ڈاکٹروں اور ان کے معاونین کو بھی مبارک باد پیش کی ہے۔


کمل ناتھ نے اپنے خط میں صحافیوں اور میڈیا اہلکاروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس کے ساتھ ہی ایک ایسا طبقہ ہے جس نے مشکل دور میں بھی کورونا کے انفیکشن کی روک تھام کے تئیں لوگوں میں بیداری لانے اور وقت وقت پر اہم معلومات عوام تک پہنچانے کی سماجی ذمہ داری کو انجام دیا ہے اور یہ طبقہ میڈیا سے تعلق رکھتا ہے۔

کمل ناتھ نے مزید کہا کہ صحافی ساتھیوں اور ان کے ادارے میں کام کرنے والے ملازمین نے کورونا وبا کے دوران مسلسل کام کیا اور انفیکشن کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا۔ ان لوگون نے کورونا سے متعلق غلط معلومات کو درست کیا اور حقیقی صورت حال سے حکومت اور عوام کو آگاہ کیا۔‘‘


سابق وزیر علیٰ نے میڈیا کے تئیں بھی حساسیت ان کے جذبے کا احترام کیے جانے کی وزیر اعظم سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیکہ کاری مہم میں جس طرح سے لوگون کو جوڑا گیا ہے، اسی طرح صحافیوں کی بھی ترجیحی بنیاد پر ٹیکہ کاری مفت کی جانی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔