جھارکھنڈ: چائباسا ایم پی-ایم ایل اے عدالت سے راہل کو ملی ضمانت، 7 سال پرانا ہے معاملہ
راہل گاندھی کے خلاف یہ معاملہ سال 2018 سے جڑا ہوا ہے۔ بی جے پی رہنما پرتاپ کمار نے راہل کے خلاف جھارکھنڈ کے چائباسا سی جے ایم عدالت میں جولائی 2018 کو ہتک عزتی کا مقدمہ درج کرایا تھا

لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی آج (6 اگست) جھارکھنڈ کے چائباسا کی ایم پی – ایم ایل اے کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کو عدالت نے ضمانت دی دے۔ عدالت نے انہیں ٹرائل میں تعاون کرنے کی شرط پر ضمانت دی۔ راہل منگل کو جھارکھنڈ کی راجدھانی پہنچے تھے جہاں وہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کی آخری رسوم میں شامل ہوئے۔ اس کے بعد وہ رانچی کے ایک ہوٹل میں رکے اور آج چائباسا کی عدالت میں پیش ہوئے۔
راہل گاندھی کے خلاف یہ معاملہ سال 2018 سے جڑا ہوا ہے۔ دراصل 28 مارچ 2018 کے کانگریس کے اجلاس میں راہل گاندھی نے بی جے پی کے اس وقت کے قومی صدر امت شاہ (حال میں وزیر داخلہ) کے خلاف کچھ باتیں کہیں تھیں۔ اس تبصرے کو قابل اعتراض بتاتے ہوئے بی جے پی رہنما پرتاپ کمار کے ذریعہ راہل گاندھی کے خلاف جھارکھںڈ کے چائباسا سی جے ایم عدالت میں جولائی 2018 کو ہتک عزتی کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔
اس معاملے میں راہل گاندھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تھے جس کے بعد معاملے کی سماعت کرتے ہوئے 24 مئی کو چائباسا عدالت کے ذریعہ کانگریس رہنما کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے 26 جون کو انہیں جسمانی طور سے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ چائباسا عدالت کے ذریعہ جاری کیے گئے غیر ضمانتی وارنٹ کو خارج کرنے کو لے کر راہل گاندھی جھارکھنڈ ہائی کورٹ پہنچے تھے۔ جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے انہیں 6 اگست کو چائباسا عدالت میں موجود ہونے کی ہدایت دی تھی۔
اس سے قبل راہل گاندھی کے چائباسا پہنچنے کے موقع پر ہیلی پیڈ کے چاروں طرف بانس-بلّی لگا کر باڑ بندی کی گئی۔ اس دوران کانگریس پارٹی سطح پر عدالت کی کاغذی کارروائی مکمل کر لی گئی۔ انتظامی سطح پر ڈپٹی کمشنر نے نظم و نسق کو لے کر اسمبلی ہال میں میٹنگ کرکے افسروں کو ضروری ہدایات دیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔