جھارکھند کے وزیر صحت اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کورونا پازیٹو، 3 جج بھی انفیکشن کے شکار

جھارکھنڈ میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان آج سے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کی شروعات ہوئی ہے اور پہلے ہی دن 10 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانچ کی گئی۔

بنّا گپتا اور سدیش مہتو کی فائل تصویر
بنّا گپتا اور سدیش مہتو کی فائل تصویر
user

تنویر

جھارکھنڈ میں کورونا انفیکشن لگاتار اپنی رفتار تیز کرتا جا رہا ہے اور اس کی زد میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ خاص لوگ بھی آ رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق جھارکھنڈ کے وزیر صحت بنّا گپتا اور سابق نائب وزیر اعلیٰ سدیش کمار مہتو کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ دونوں نے خود ہی ٹوئٹ کر کے اس کی جانکاری دی اور اپنے رابطہ میں آئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہوم کوارنٹائن میں رہیں اور اپنی کورونا جانچ کرا لیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آج رانچی سول کورٹ کے3 ججوں کے بھی کورونا انفیکشن کے شکار ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تینوں کو ہوم آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔ پیر کو بھی سول کورٹ و ہائی کورٹ سے ایک ایک جج کے کورونا انفیکشن کی زد میں آنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ بہر حال، جھارکھنڈ میں آج سے ہی ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کی شروعات ہوئی ہے اور پہلے ہی دن 10 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانچ کی گئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انٹیجن ٹیسٹ کے دوران ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی کے ساتھ اضافہ درج ہو سکتا ہے۔


جھارکھنڈ میں کچھ ہفتے پہلے تک حالات بہتر تھے لیکن اب کورونا کے معاملے تیزی کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں۔ خراب صورت حال کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ خود وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین دو بار اپنی کورونا جانچ کرا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ریاستی حکومت میں کئی وزیر اور اراکین اسمبلی کورونا انفیکشن سے خود کو نہیں بچا سکے۔ صفائی امور کے وزیر متھلیش کمار ٹھاکر بھی کورونا کی زد میں آ چکے ہیں، حالانکہ انھوں نے کورونا پر فتح حاصل کر لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔