جھارکھنڈ حکومت باصلاحیت طلبا کو بیرون ممالک میں پڑھائی کے لیے دے گی اسکالرشپ

جھارکھنڈ کے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقہ اور اقلیتی طبقہ کے باصلاحیت طلبا کو بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ریاستی حکومت اسکالرشپ منصوبہ شروع کرنے والی ہے۔

ہیمنت سورین، تصویر یو این آئی
ہیمنت سورین، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقہ اور اقلیتی طبقہ کے باصلاحیت طلبا کو بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے ریاستی حکومت برطانوی ہائی کمیشن کے تعاون سے اسکالرشپ منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ جانکاری جھارکھنڈ حکومت کے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ہفتہ کے روز دی۔ اس اسکالرشپ پروگرام کا نام شیوننگ-مرنگ گومکے جیپال سنگھ منڈا ہوگا۔ اس سلسلے مین ریاستی حکومت اور ایف سی ڈی او (فورین کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس) برطانوی ہائی کمیشن، نئی دہلی کے ساتھ جلد ہی ایم او یو پر دستخط کیا جائے گا۔ شروعات میں یہ ایم او یو تین سالوں کے لیے ہوگا۔

واضح رہے کہ جھارکھنڈ حکومت گزشتہ دو سالوں سے جھارکھنڈ تحریک کے ہیرو مرنگ گومکے جیپال سنگھ منڈا پاردیشیے اسکالرشپ منصوبہ چلا رہی تھی۔ اس کے ذریعہ درج فہرست قبائل کے باصلاحیت نوجوانوں کو یونائٹیڈ کنگڈم آف برٹین اور ناردرن آئرلینڈ کے منتخب اداروں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے مالی امداد منظور کی گئی ہے۔ اب درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور اقلیتی طبقہ کے باصلاحیت نوجوانوں کو بھی اسکالرشپ کے نئے منصوبہ کے دائرے میں لایا گیا ہے۔


بتایا گیا کہ اب سالانہ زیادہ سے زیادہ 25 طلبا و طالبات کو اس منصوبہ کے تحت اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ اس کے تحت منتخب طلبا و طالبات ماسٹرس اور ایم فل کے نصاب میں داخلہ لے سکیں گے۔ اسکالرشپ منصوبہ کے تحت 31 سبجیکٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے لیے درخواست کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ درخواست کی آخری تاریخ 25 جون ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔