جھارکھنڈ: ای ڈی کے خلاف سپریم کورٹ پہنچے وزیر اعلیٰ سورین، ایجنسی کے دوسرے سمن پر بھی نہیں ہوئے حاضر

یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انھوں نے ای ڈی سمن کو چیلنج پیش کیا ہے یا اس کی پوری کارروائی پر سوال اٹھایا ہے، ہیمنت سورین کے رخ سے یہ ضرور صاف ہو گیا ہے کہ وہ جانچ ایجنسی کے ساتھ اب مقابلے کے لیے تیار ہیں

ہیمنت سورین، تصویر یو این آئی
ہیمنت سورین، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ای ڈی کے خلاف آج سپریم کورٹ میں ایک رِٹ پٹیشن داخل کر دی ہے۔ انھوں نے ای ڈی کے سمن پر جمعرات کو اس کے رانچی واقع زونل دفتر میں حاضر ہونے کی جگہ اس کی اطلاع ایک پیغامبر کے ذریعہ بھجوا دی ہے۔ حالانکہ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انھوں نے ای ڈی کے سمن کو چیلنج دیا ہے یا اس کی پوری کارروائی پر سوال اٹھایا ہے۔ ہیمنت سورین کے رخ سے یہ ضرور صاف ہو گیا ہے کہ وہ جانچ ایجنسی کے ساتھ اب آر پار کی لڑائی کے لیے تیار ہیں۔

اس سے قبل ای ڈی نے جب انھیں 14 اگست کو حاضر ہونے کا سمن بھیجا تھا تب انھوں نے اس کے جواب میں ای ڈی اسسٹنٹ ڈائریکٹر دیوورَت جھا کو لکھے خط میں کہا تھا کہ آپ اور آپ کے پالٹیکل ماسٹر اچھی طرح جانتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کو 15 اگست کو پرچم کشائی کرنی ہوتی ہے۔ اس کی تیاری ایک ہفتہ پہلے شروع ہو جاتی ہے۔ یہ جاننے کے باوجود 14 اگست کو بلایا گیا۔ اس سے صاف ہے کہ قصداً نہ صرف ان کی بلکہ جمہوری طور سے منتخب کی گئی حکومت اور جھارکھنڈ کے لوگوں کا وقار مندمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہیمنت سورین نے ای ڈی کی طرف سے بھیجے گئے سمن کو بھی واپس لینے کو کہا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے خط میں لکھا تھا کہ ایسا نہ ہونے پر وہ قانون کا سہارا لینے کو مجبور ہوں گے۔ سورین کے اس خط کے بعد ای ڈی نے انھیں دوسرا سمن بھیجتے ہوئے 24 اگست یعنی جمعرات کو موجود ہونے کے لیے کہا تھا۔ ای ڈی نے سمن میں کہا ہے کہ وہ رانچی واقع زونل دفتر میں موجود ہو کر اپنی ملکیت کی تفصیل پر بیان ریکارڈ کرائیں۔


یہ لگاتار دوسری بار ہے جب ہیمنت سورین ای ڈی کے بلاوے پر نہیں پہنچے۔ سورین کے ای ڈی دفتر جانے یا نہ جانے کو لے کر دوپہر تک تجسس بنا رہا۔ اس وجہ سے رانچی کے ایئرپورٹ واقع ای ڈی دفتر کے باہر بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی تھی۔ دوپہر تک وزیر اعلیٰ کے پہنچنے کا انتظار ہوتا رہا، لیکن گزشتہ بار کی طرح وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ کی طرف سے ای ڈی کو چٹھی بھیجی گئی ہے۔

ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو لکھی گئی گزشتہ چٹھی میں سورین نے کہا تھا کہ سمن میں ایسی کسی بھی بات کا ذکر نہیں ہے، جس سے میرے خلاف ملکیت کو لے کر جانچ کا امکان بنتا ہو۔ جہاں تک ملکیت کی بات ہے تو اس سے جڑی تمام جانکاری انکم ٹیکس ریٹرن میں وقت وقت پر دی جاتی رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ای ڈی کو کسی ایسے کاغذات کی ضرورت ہے، جس کا ذکر قبل میں نہیں کیا گیا ہے تو وہ مہیا کرانے کو تیار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;