جھارکھنڈ الیکشن: پہلے مرحلہ میں 13 اسمبلی سیٹوں پر 63 فیصد ووٹنگ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

30 Nov 2019, 4:12 PM

پہلے مرحلہ میں 13 اسمبلی سیٹوں پر ہوئی 62.87 فیصد ووٹنگ

جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے پہلے مرحلہ کے تحت 13 سیٹوں پر ووٹنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ اس درمیان 62.87 فیصد ووٹنگ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ 13 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل پرامن ہی کہا جائے گا کیونکہ ایک دو واقعات کو چھوڑ کر کہیں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ نکسلیوں کے ذریعہ گملا واقع ایک پل کو بم دھماکہ سے اڑائے جانے اور ایک پولنگ بوتھ پر کانگریس امیدوار این کے ترپاٹھی و ان کے حامیوں پر بی جے پی کارکنوں کے حملہ کو چھوڑ دیا جائے تو، الیکشن پرامن ہی رہا۔

30 Nov 2019, 3:11 PM

جھارکھنڈ میں پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ ختم

جھارکھنڈ میں پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے۔ کچھ مقامات پر جہاں لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں، وہاں ووٹنگ کا عمل جاری ہے اور لائن ختم ہونے کے بعد وہاں بھی بوتھ پر ووٹنگ کا عمل روک دیا جائے گا۔

30 Nov 2019, 1:12 PM

دوپہر 1 بجے تک تقریباً 47 فیصد ووٹنگ

جھارکھنڈ میں پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کے ختم ہونے میں ابھی تقریباً 2 گھنٹے باقی ہیں۔ خبروں کے مطابق 1 بجے تک تقریباً 46.83 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے اور لوگوں کی بھیڑ پولنگ بوتھوں پر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ووٹروں میں ضعیف العمر اشخاص اور معذوروں کی بھی ایک بڑی تعداد نظر آ رہی ہے۔


30 Nov 2019, 12:37 PM

11 بجے تک 27.41 فیصد ووٹنگ، خواتین اور نوجوانوں میں زبردست جوش

جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن میں اس مرتبہ خواتین اور نوجوانوں میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس جوش کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صبح 11 بجے تک ہی 27.41 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ پہلے مرحلہ کے انتخاب میں کل 13 اسمبلی سیٹوں کے لیے حق رائے دہی کا استعمال ریاستی عوام کر رہے ہیں اور کچھ مقامات پر ای وی ایم میں خرابی کی خبریں سامنے آئی تھیں، لیکن اب ان مشینوں کو بدل کر ووٹنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔

30 Nov 2019, 11:33 AM

پلاموں میں کانگریس امیدوار کے این ترپاٹھی پر حملہ، سیکورٹی اہلکاروں نے بچایا

چین پور کے کوسیارا گاؤں میں بی جے پی امیدوار آلوک چورسیا اور کانگریس امیدوار کے این ترپاٹھی کے حامیوں کے درمیان تصادم کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی حامیوں نے کانگریس امیدوار کے این ترپاٹھی کو بوتھ پر جانے سے روکا جس کے بعد جھڑپ شروع ہو گئی۔ کے این ترپاٹھی اور ان کے حامیوں پر بی جے پی کارکنانوں کے ذریعہ پتھراؤ بھی کیا گیا، حالانکہ کسی کو زیادہ چوٹ نہیں آئی ہے۔ کانگریس امیدوار کے ساتھ موجود سیکورٹی اہلکاروں نے بی جے پی حامیوں کو کھدیڑ کر معاملہ ختم کرایا۔


30 Nov 2019, 10:45 AM

کئی بوتھوں پر خواتین کی بڑی تعداد آ رہی نظر

جھارکھنڈ میں پہلے مرحلہ کے تحت 13 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے اور خواتین کی بڑی تعداد بوتھوں پر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پہلے مرحلہ میں بی جے پی نے 12 اسمبلی سیٹوں پر اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے جب کہ ایک آزاد امیدوار کو بی جے پی کی حمایت حاصل ہے۔ کانگریس اتحاد نے سبھی 13 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں جن میں کانگریس 6، جے ایم ایم 4 اور آر جے ڈی 3 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ جے وی ایم نے سبھی 13 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں جب کہ آجسو نے 3 اسمبلی سیٹوں پر اپنا امیدوار اتارا ہے۔

30 Nov 2019, 10:05 AM

گملا میں نکسلیوں نے دھماکہ سے اڑا دیا پل، ووٹروں میں دہشت

بشن پور ڈویژن کے گھاگھرا سے کٹھ ٹھوکوا جانے والی سڑک میں بنے تین اسپین کے پل کو نکسلیوں نے بم سے اڑا دیا ہے۔ نکسلیوں نے خوف بنانے کے لیے اس واقعہ کو انجام دیا ہے کیونکہ انھوں نے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس بم دھماکہ کے بعد ووٹروں میں دہشت کا ماحول ہے۔ ویسے سیکورٹی یہاں کافی سخت ہے اور فی الحال کسی جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ششی رنجن نے میڈیا سے بتایا کہ اس دھماکہ کا ووٹنگ پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے اور حق رائے دہی کا عمل صحیح طریقے سے جاری ہے۔


30 Nov 2019, 9:17 AM

کچھ بوتھوں پر ای وی ایم میں خرابی کے سبب دیر سے شروع ہوئی ووٹنگ

پانکی اسمبلی کے بوتھ نمبر 106 گوراڈیہہ خاص میں مشین خراب ہونے کی وجہ سے اب تک ووٹنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا ہے۔ مشین بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ بوتھ نمبر 132 اتکرمت مدھیہ ودیالیہ کٹھوندھا میں دیر سے ووٹنگ شروع ہوئی۔ حسین آباد میں بھی بوتھ نمبر 97 پر ای وی ایم مین خرابی کے سبب ووٹنگ وقت پر شروع نہیں ہو پائی تھی، لیکن اب مشین بدلنے کے بعد لوگ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔

30 Nov 2019, 8:52 AM

پہلے مرحلہ میں 13 سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری، کئی مشہور ہستیوں کا وقار داؤ پر

جھارکھنڈ اسمبلی الیکشن کے پہلے مرحلہ میں 13 سیٹوں پر آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ان سیٹوں پر وزیر صحت رام چندر چندرونشی، سابق وزیر برائے دیہی ترقی ددئی دوبے، سابق وزیر صحت بھانو پرتاپ شاہی اور سابق وزیر تعلیم بیدناتھ رام سمیت کئی مشہور ہستیوں کا وقار داؤ پر ہے۔ ان سیٹوں پر صبح 7 بجے سے ہی ووٹنگ شروع ہو چکی ہے جو کہ 3 بجے تک جاری رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔