جھارکھنڈ: چوتھے مرحلہ کے لیے انتخابی مہم ختم، 16 دسمبر کو 15 سیٹوں کے لیے ہوگی ووٹنگ

مدھوپور، دیوگھر، گانڈیئے، بوکارو، چندن کیاری، سندری، نرسا، دھنباد، جھریا اور باگھ مار میں پیر کو صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

رانچی: جھارکھنڈ میں چوتھے مرحلہ میں 16دسمبر کو 15 سیٹوں کےلیے ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے مہم آج شام ختم ہوگئی۔ چوتھے مرحلہ میں 16 دسمبر 2019 کو مدھوپور، دیوگھر (ریزرو)، بگودر، جموا (ریزرو)، گانڈیئے، گریڈیہہ، ڈمری، بوکارو، چندرکیاری (ریزرو ) سندری، نرسا، دھنباد، جھریا، ٹنڈی اور باگھ مارا میں ہونے والے انتخابات کی مہم آج سہ پہر تین بجے ختم ہوگئی۔ اب امیدوار گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے۔

چیف انتخابی افسر ونے کمار چوبے نے آج یہاں بتایاکہ مدھوپور، دیوگھر، گانڈیئے، بوکارو، چندن کیاری، سندری، نرسا، دھنباد، جھریا اور باگھ مار میں پیر کو صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے وہیں نکسل متاثرہ بگودر، جموا، گریڈیہہ، ڈمری اور ٹنڈی میں صبح سات بجے سے سہ پہر تین بجے تک پولنگ ہوگی۔


چوتھے مرحلہ میں کل 4785009 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے 221 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ووٹروں میں 2540794 مرد، 2244134 خواتین اور 81 خواجہ سرا شامل ہیں۔ چوتھے مرحلہ میں دیوگھر (اے سی سی )، گانڈیئے، بوکارو اور جھریا اسمبلی حلقہ میں بھی بوتھ ایپ کا استعمال کیاجانا ہے۔ اس سے پہلے دوسرے مرحلہ میں جمشید پور مشرق، جمشید پور مغرب اور چائی باسا اور تیسرے مرحلہ میں رام گڑھ،ہزاری باغ اور رانچی میں بوتھ ایپ کا استعمال ہوچکا ہے۔

مدھوپور اسمبلی حلقہ کے لیے 13، دیوگھر کے لیے 12، بگودر کے لیے 12، جموا کے لیے 14، گانڈیئے کے لیے 12، گریڈیہہ کے لیے 12، ڈمری کے لیے 15، بوکارو کے لیے 25، چندن کیاری کے لیے 15، سندری کے لیے 16، نرسا کے لیے آٹھ، دھنباد کے لیے 22، جھریا کے لیے 17، ٹنڈی کے لیے 13 اور باگھ مارا کے لیے 15 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔