جے ای ای مینس ریزلٹ: 44 طلبا کو ملے 100 فیصد نمبر، 18 نے کیا ٹاپ

جے ای ای مینس امتحانات میں 18 طلبا کو نمبر وَن رینک حاصل ہوا ہے، چوتھے مرحلہ کا یہ جوائنٹ انٹرینس امتحان نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعہ 26، 27، 31 اگست اور 1، 2 ستمبر 2021 کو منعقد ہوا تھا۔

راجستھان کے بچے، تصویر آئی اے این ایس
راجستھان کے بچے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے چوتھے مرحلہ کے جے ای ای مینس امتحان کا ریزلٹ جاری کر دیا ہے۔ ان امتحانات میں 44 طلبا نے صد فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں۔ 18 طلبا نے تو نمبر وَن رینک حاصل کیا ہے اور ان 18 طلبا میں سے 2 کا تعلق دہلی سے ہے۔

این ٹی اے نے آفیشیل جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ٹاپ کرنے والے 18 طلبا میں دہلی سے روچر بنسل اور کاویا چوپڑا شامل ہیں۔ کرناٹک کے گورو داس، بہار کے ویبھو وشال، آندھرا پردیش کے ڈی وینکٹ پنیس، راجستھان کے سدھانت مکھرجی، اتر پردیش کے امیا سنگھل، راجستھان سے مردل اگروال، تلنگانہ سے کومما، تلنگانہ سے ہی وینکٹ آدتیہ، مہاراشٹر سے ابھجیت ٹامبٹ، آندھرا پردیش سے ویرا سلوا، راہل نائیڈو اور کرنم لوکیش شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ان 18 طلبا میں پنجاب سے پلکت گویل، اتر پردیش سے پال اگروال، چنڈی گڑھ سے گرمیت سنگھ اور راجستھان سے انشل ورما بھی شامل ہیں۔


واضح رہے چوتھے مرحلہ کا یہ جوائنٹ انٹرینس امتحان (جے ای ای) این ٹی اے کے ذریعہ 26، 27، 31 اگست کے ساتھ ساتھ 1 اور 2 ستمبر 2021 کو منعقد کیا گیا تھا۔ چوتھے سیشن کے امتحان کے لیے 7.3 لاکھ سے زیادہ طلبا نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ جے ای ای مینس کے چاروں سیشن میں سے 2.5 لاکھ کامیاب طلبا کو جے ای ای ایڈوانس امتحان دینے کا موقع ملے گا۔

غور طلب ہے کہ ابھی تک جے ای ای مینس کے چاروں مراحل کے امتحانات لیے جا چکے ہیں۔ اب ان امتحانات کی بنیاد پر جے ای ای ایڈوانس میں شامل ہونے والے طلبا کا انتخاب کیا جائے گا۔ میرٹ کی بنیاد پر چنے گئے طلبا جے ای ای ایڈوانس کا ٹیسٹ دیں گے۔ اس بار طلبا کو نئی تعلیمی پالیسی کے تحت انگریزی سمیت 13 ہندوستانی زبانوں میں یہ انجینئرنگ داخلہ امتحان دینے کا موقع دیا جا رہا ہے۔


جے ای ای ایڈوانس ریزلٹ کے نتائج کے بعد ملک کی 23 آئی آئی ٹی، 31 این آئی ٹی، 23 ٹریپل آئی ٹی سمیت جے ایف ٹی آئی کی 40 ہزار سے زیادہ سیٹوں پر داخلے ہوں گے۔ ملک بھر کے آئی آئی ٹی اداروں میں داخلہ کے لیے جے ای ای (ایڈوانسڈ) 2021 کا امتحان اس سال 3 اکتوبر 2021 کو منعقد کیا جائے گا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی جے ای ای مینس میں شامل ہونے والے 23 امتحان مراکز کے 400 سے زائد امیدواروں کی جانچ کر رہی ہے۔

اس سال پہلی مرتبہ جے ای ای مینس امتحانات چار مراحل میں منعقد کیے گئے تھے، جس سے طلبا کو یہ امتحان دینے کے چار مواقع ملے۔ ان امتحانات میں کچھ ایسے رہے جن کے پہلے امتحان میں 50 فیصد یا اس سے بھی کم نمبر تھے۔ اگلے امتحان میں ان کے نمبر بڑھ کر 90 فیصد سے زائد ہو گئے۔ اب این ٹی اے اپنی سطح پر ایسے طلبا کے امتحان و دیگر جانچ کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔