’جانسکر، دراس، شام، نبرا، چانگ تھانگ‘، مرکزی حکومت نے لداخ میں 5 نئے اضلاع بنانے کا کیا اعلان

وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے اضلاع بنائے جانے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہتر حکمرانی اور خوشحالی کی سمت ایک قدم ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نریندر مودی اور امت شاہ</p></div>

نریندر مودی اور امت شاہ

user

قومی آوازبیورو

مرکزی حکومت نے آج ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان اضلاع کے نام جانسکر، دراس، شام، نبرا اور چانگ تھانگ دیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس فیصلے کے بعد لداخ کی عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس سے سہولیات اور مواقع کو لوگوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

لداخ میں پانچ نئے اضلاع کی تشکیل کو منظوری دینے کے ساتھ ہی مرکزی وزارت داخلہ نے لداخ انتظامیہ کو نئے اضلاع سے متعلق مختلف پہلوؤں، مثلاً ہیڈکوارٹر، سرحد، ڈھانچہ، عہدے اور ضلع تشکیل سے متعلق دیگر ماور کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کمیٹی کو تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ کمیٹی کی رپورٹ ملنے کے بعد آگے کی کارروائی کے لیے وزارت داخلہ کو آخری تجویز بھیجی جائے گی۔


اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’ایک ترقی یافتہ اور خوشحال لداخ کی تعمیر کے لیے پی ایم نریندر مودی کے نظریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے مرکز کے زیر انتظام خطہ میں پانچ نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے ضلعے جانسکر، دراس، شام، نبرا اور چانگ تھانگ ہوں گے۔ ہم ہر نکڑ اور گلی میں حکومت کو مضبوط کر کے لوگوں کے لیے فائدہ کو ان کے دروازے تک لے جائیں گے۔ مودی حکومت لداخ کے لوگوں کے لیے ہر ممکن مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘

اس فیصلہ کے تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا بیان دیتے ہوئے نئے اضلاع کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ بہتر حکمرانی اور خوشحالی کی سمت ایک قدم ہے۔ ان اضلاع پر اب زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی جس سے خدمات اور مواقع کو لوگوں کے مزید قریب لایا جا سکے گا۔ وزیر اعظم نے اس اعلان پر لداخ کے لوگوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔