جموں: روہنگیا پناہ گزینوں کی بستی میں آتشزدگی، تقریباً دو درجن جھگیاں خاکستر

منیر احمد نامی پناہ گزین نے میڈیا کو بتایا کہ رات کو آگ لگ گئی، جھگی میں جتنا سامان تھا وہ سب جل کر راکھ ہوگیا، صرف جو کپڑے میں نے اور میری بیوی نے پہنے تھے وہی بچے رہ گئے ہیں۔

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: جموں کے ماروتی محلے میں شبانہ آگ کی ایک پراسرار واردات میں روہنگیا پناہ گزینوں کی قریب دو درجن جھگی جھونپڑیاں خاکستر ہوگئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے ماروتی محلے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب روہنگیا پناہ گزینوں کی قریب دو درجن جھگی جھونپڑیاں آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ نیم شب سے شروع ہو کر پیر کی علی الصبح تک جاری رہی، جس میں روہنگیا پناہ گزینوں کی قریب تمام پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زائد از 18 جھونپڑیاں خاکستر ہوئی ہیں اور یہ تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ آگ کی یہ واردات عدالت عظمیٰ کے روہنگیا پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپس بھیجنے کی عرضی پر فیصلہ محفوظ رکھنے کے بعد پیش آئی ہے۔ دریں اثنا ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے کہا کہ یہ آگ رات کے ایک بجے لگ گئی اور قریب سوا تین بجے رات تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لئے فوری طور تین فائر ٹینڈرز کو کام پر لگا دیا گیا۔ ادھر لوگوں کا کہنا کہ جموں میں قیام پذیر روہنگیا پناہ گزینوں کی بستیاں خاکستر ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی آگ کے ایسے پراسرار واقعات پیش آئے ہیں۔


منیر احمد نامی ایک پناہ گزین، جن کی جھگی خاکستر ہوئی ہے، نے میڈیا کو بتایا کہ 'رات کو آگ لگ گئی، جھگی میں جتنا سامان تھا وہ سب جل کر راکھ ہوگیا، صرف جو کپڑے میں نے اور میری بیوی نے پہنے تھے وہی بچے رہ گئے ہیں'۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو آگ لگاتے ہوئے نہیں دیکھا۔ پولیس آگ بجھ جانے کے بعد آئی، لیکن فائر ٹینڈرز آگ پھیلتے ہی پہنچ گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔