جموں و کشمیر: کئی ضلعوں میں فون اور انٹرنیٹ خدمات بحال، 19 اگست سے کھلیں گے اسکول و کالج

جموں و کشمیر کے 5 اضلاع میں 2 جی موبائل خدمات ایک بار پھر شروع کر دی گئی ہیں۔ دفعہ 370 ہٹنے کے بعد اب حالات معمول پر آ رہے ہیں جس کے پیش نظر انتظامیہ نے دھیرے دھیرے پابندیاں ہٹانی شروع کر دی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے اعلان سے ٹھیک پہلے وہاں فون اور انٹرنیٹ خدمات پر پابندی لگا دی گئی، لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ اب حالات معمول پر آ رہے ہیں اس لیے ریاست میں لگائی گئی پابندیاں دھیرے دھیرے ہٹائی جا رہی ہیں۔ ہفتہ کے روز جموں و کشمیر کے 5 اضلاع میں 2 جی موبائل انٹرنیٹ خدمات بحال کر دی گئیں۔ جموں میں بھی 2 جی موبائل انٹرنیٹ سے اب عوام فیضیاب ہو سکیں گے۔ جموں کے علاوہ کٹھوا، سمبا، اودھم پور میں 2 جی اسپیڈ کے ساتھ انٹرنیٹ خدمات دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔


مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب ریاست میں حالات بہتر ہو رہے ہیں اس لیے سبھی اسکول و کالج کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر بھی پیر یعنی 19 اگست سے دوبارہ کھولنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے سلسلہ وار اور منظم طریقے سے پابندیوں میں نرمی دینے کا اعلان کیا تھا۔ سبرامنیم نے کہا تھا کہ 22 میں سے 12 اضلاع میں حالات پوری طرح معمول پر ہیں۔ ان میں سے صرف 5 اضلاع میں ہی رات کے وقت میں پابندیاں ہیں۔ جیسے جیسے حالات بہتر ہوتے جائیں گے، سبھی اضلاع سے پابندیاں ہٹا لی جائیں گی۔


واضح رہے کہ جموں و کشمیر کو خصوصی اختیار دینے والی دفعہ 370 مودی حکومت کی جانب سے ہٹانے کے مدنظر وادی میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ سے گزشتہ 12 دنوں سے وادی میں ٹیلی مواصلات خدمات کو ٹھپ کرنے کے ساتھ ساتھ اسکول کالج کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2019, 11:10 AM