جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب: کانگریس نے 6 امیدواروں پر مشتمل فہرست جاری کی، طارق حمید کو سنٹرل شالٹینگ سے ملا ٹکٹ
کانگریس نے ریاسی سے ممتاز خان، ماتا ویشنو دیوی سے بھوپندر جاموال، راجوری (ایس ٹی) سے افتخار احمد، تھنّامنڈی (ایس ٹی) سے شبیر احمد خان اور سورنکوٹ (ایس ٹی) سے محمد شاہنواز کو میدان میں اتارا ہے۔
کانگریس نے جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے پیر کے روز چھ امیدواروں پر مشتمل اپنی دوسری فہرست جاری کی۔ اس میں جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) چیف طارق حمید کرّا کو سنٹرل شالٹینگ سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتہ کانگریس نے جموں و کشمیر انتخاب کے لیے اپنے 9 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔
جموں و کشمیر ریاستی کانگریس کمیٹی چیف کرّا کے علاوہپارٹی نے ریاسی سے ممتاز خان، ماتا ویشنو دیوی سے بھوپندر جاموال، راجوری (ایس ٹی) سے افتخار احمد، تھنّامنڈی (ایس ٹی) سے شبیر احمد خان اور سورنکوٹ (ایس ٹی) سے محمد شاہنواز چودھری کو میدان میں اتارا ہے۔
مذکورہ بالا انتخابی حلقوں میں دوسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پارٹی کے ذریعہ اعلان کردہ امیدواروں کی مجموعی تعداد اب 15 ہے۔ یہ فہرست کانگریس کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی دہلی میں ہوئی میٹنگ کے فوراً بعد جاری کی گئی جس میں انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو آخری شکل دی گئی۔ پارٹی یہ انتخاب نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد میں لڑ رہی ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق پارٹی چیف راہل گاندھی، انچارج جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، طارق حمید کرّا، جموں و کشمیر اسکریننگ کمیٹی چیف سکھجندر سنگھ رندھاوا، سلمان خورشید سمیت دیگر لیڈران آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) ہیڈکوارٹر میں میٹنگ میں شامل ہوئے۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے سیٹ بٹوارے کے فارمولے کو آخری شکل دے دی ہے اور وہ بالترتیب 51 اور 32 سیٹوں پر انتخاب لڑیں گے۔ سی پی ایم اور جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی (جے کے این پی پی) کو ایک ایک سیٹ الاٹ ہوا ہے۔ پانچ سیٹوں پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے دوستانہ مقابلے کا فیصلہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔