بلدیاتی انتخابات: پہلے مرحلے کی پولنگ کل، کشمیر فوجی چھاونی میں تبدیل

وادی کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لئے قائم سبھی پولنگ مراکز کو حساس یا حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ سیکورٹی وجوہات سے امیدوار نہ تو روڑ شوز اور نہ کھلے میدانوں میں انتخابی جلسوں کا انعقاد کرسکے ہیں۔

جموں و کشمیر انتخابات کی فائل تصویر
جموں و کشمیر انتخابات کی فائل تصویر
user

یو این آئی

سرینگر: جموں وکشمیر میں انتظامیہ کے مطابق 4 مرحلوں پر مشتمل بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 8 اکتوبر (سوموار) کو پہلے مرحلے میں میونسپل کارپوریشنوں، کونسلروں اور کمیٹیوں کے 422 حلقوں میں پولنگ ہونی ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوکر شام کے چار بجے تک جاری رہے گا۔ سبھی چار مرحلوں میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی 20 اکتوبر کو ہوگی۔ صوبہ جموں میں جہاں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آرہا ہے، وہیں وادی کشمیر میں لوگ ان انتخابات سے بھاگتے ہوئے اور لاتعلق نظر آرہے ہیں۔

وادی میں بلدیاتی انتخابات کے لئے قائم سبھی پولنگ مراکز کو حساس یا حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے گذشتہ دو ہفتوں سے جاری انتخابی مہم ہفتہ کی شام کو اپنے اختتام پر پہنچی۔ جہاں جموں میں انتخابی امیدواروں نے رائے دہندگان کو لبھانے کا ہر طریقہ استعمال کیا، وہیں وادی میں انتخابی میدان میں شامل امیدوار نہ تو روڑ شوز اور نہ کھلے میدانوں میں انتخابی جلسوں کا انعقاد کرسکے ہیں۔ وادی میں بیشتر لوگ اس قدر ان انتخابات سے لاتعلق ہیں کہ انہیں معلوم ہی نہیں ان کے حلقوں سے کون لوگ انتخابات لڑ رہے ہیں۔

انتخابی امیدواروں نے مبینہ طور پر ہائی سیکورٹی زون والے علاقوں میں واقع سرکاری عمارتوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ ذرائع نے بتایا ’جہاں انتخابی مہم کے دوران لوگ انتخابات سے لاتعلق نظر آرہے ہیں، وہیں سیاسی جماعتوں اور امیدواروں نے رائے دہندگان کو لبھانے کی سرگرمیاں اپنے پارٹی دفاتر، ڈاک بنگلوں اور دیگر سرکاری ہالوں کی چار دیواریوں تک ہی محدود رکھیں‘۔

جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ والے علاقوں میں تعطیل کا اعلان

جموں وکشمیر میں 8 اکتوبر کو ان علاقوں میں تعطیل ہوگی جن میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے مطابق یہ تعطیل متعلقہ میونسپل کارپوریشنوں، کونسل کمیٹیوں کے حدود میں آنے والے سرکاری دفاتر میں دی جائے گی ۔ حکم نامے کے مطابق اُن ملازمین کو خصوصی کیجول لیو دی جائے گی جنہیں اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے دوسرے علاقوں میں جانا پڑے گا اور اس مقصد کیلئے وہ واپسی پر ووٹنگ کا ثبوت پیش کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔