جموں و کشمیر: پونچھ میں دلدوز سڑک حادثہ، 9 از جان، 27 زخمی

پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں نو افراد کی بر سر موقع ہی یا اسپتال لے جانے کے دوران موت واقع ہوئی۔

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بدھ کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں 9 افراد زخمی جبکہ 27 دیگر زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں دو کمسن بچے اور تین خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے گیارہ کی حلات نازک بتائی جا رہی ہے۔ دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس حادثے پر اظہار دکھ کرتے ہوئے مہلوکین کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپیہ معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے حادثے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں بدھ کی صبح منڈی سے ساوجیاں جانے والی ایک منی گاڑی سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر بچاؤ آپریشن شروع کر دیا۔


پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں نو افراد کی بر سر موقع ہی یا اسپتال لے جانے کے دوران موت واقع ہوئی۔ مہلوکین کی شناخت 14 سالہ معروف احمد، 40 سالہ بشیر احمد، 18 سالہ روضیہ اختر، 40 سالہ زرینہ بیگم، 65 سالہ محمد حسین، 20 سالہ ناظمہ اختر، 5 سالہ عمران احمد، 70 سالہ عبدالکریم اور 40 سالہ عبدالقیوم کے بطور ہوئی ہے یہ سب مقامی باشندے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے گیارہ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس سڑک حادثے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور مہلوکین کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔


منوج سنہا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’ساوجیاں پونچھ میں سڑک حادثے میں ہونے والی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرا صدمہ ہوا، پسماندگان کو تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتا ہوں‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مہلوکین کے لواحیقن کو پانچ لاکھ روپیے معاوضہ دیا جائے گا اور پولیس اور سول حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو بہتر علاج بہم پہنچائیں‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔