دل کا دورہ پڑنے کے بعد اعظم خان کی طبیعت ناساز، دہلی کے گنگا رام اسپتال میں داخل

سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور رام پور سے رکن اسمبلی اعظم خان کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: یوپی کے سابق وزیر اور سماج وادی پارٹی کے رام پور سے رکن اسمبلی اعظم خان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ہے۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے منگل کے روز انجیو پلاسٹی سرجری انجام دی اور ان کے دل میں اسٹنٹ ڈالا۔ اعظم خان کے قریبی دوستوں کے مطابق دو روز قبل انہیں اچانک پسینہ آیا اور انہیں سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی تھی۔

دل کا دورہ پڑنے کے بعد اعظم خان کو رام پور سے دہلی لایا گیا اور جب ڈاکٹروں نے معائنہ کیا تو معلوم چلیا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔ جانچ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ان کے دل کی ایک رگ میں بلاکیج ہے۔ جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں انجیو پلاسٹی کرانے کا مشورہ دیا۔ سر گنگا رام اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے منگل کو انجیو پلاسٹی کر کے اعظم خان کے دل میں ایک اسٹنٹ ڈال دیا۔ اعظم خان فی الحال ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔


اعظم خان کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ آپریشن کامیاب رہا ہے۔ اعظم خان کی طبیعت ٹھیک ہے لیکن ڈاکٹروں نے اب انہیں اپنی نگرانی میں آئی سی یو میں رکھا ہے۔ انہیں ایک یا دو دن بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ اعظم خان کی دیکھ بھال کے لیے ان کے بیٹے اور ایس پی کے رکن اسمبلی عبد اللہ اعظم ان کے ساتھ اسپتال میں موجود ہیں۔ جبکہ اعظم خان کی اہلیہ سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور بڑا بیٹا ادیب اعظم بھی ان کی دیکھ بھال کے لیے دہلی میں موجود ہیں۔

اعظم خان 27 ماہ سیتا پور جیل میں رہنے کے بعد ضمانت پر باہر آئے ہیں، جیل میں و کورونا سے بھی متاثر ہوئے تھے۔ جیل سے باہر آنے کے بعد ابھی چند روز قبل ہی ان کی ایک آنکھ کا بھی آپریشن ہوا تھا۔ اب ان کے دل کا آپریشن ہوا ہے۔ اعظم خان کی عمر تقریباً 74 سال ہے اور وہ 10 بار ایم ایل اے، ایک ایک بار لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔ ان کے خلاف رام پور میں تقریباً 92 مقدمات درج ہیں۔ اعظم خان نے سیتا پور جیل میں رہ کر رام پور سٹی اسمبلی سیٹ سے 2022 کا اسمبلی الیکشن لڑا اور ریکارڈ تعداد میں ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */