جموں و کشمیر پولیس نے لوگوں میں ڈرونز کے بارے میں بیداری پیدا کرنا شروع کر دی

پولیس کے ایک سینیئر عہدیدار نے اس موقع پر کہا کہ 'پچھلے ہفتے ہم نے ڈرونز کی کافی زیادہ نقل و حرکت دیکھی۔ یہ ہمارے لئے ایک نیا چیلنج ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہمیں لوگوں کے تعاون کی ضرورت ہے'۔

ڈرون، تصویر آئی اے این ایس
ڈرون، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں میں ڈرونز کے گردش کرنے کے پراسرار سلسلے کے پیش نظر جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی علاقوں کے لوگوں میں ڈرونز کے بارے میں بیداری پیدا کرنا شروع کر دی ہے۔ ضلع سانبہ کے سرحدی علاقوں میں اتوار کو جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ایک بیداری تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس دوران لوگوں کو عملی طور پر یہ دکھایا گیا کہ ڈرون کیسے ہوتے ہیں اور فضا میں کیسے اڑائے جاتے ہیں۔

پولیس کے ایک سینیئر عہدیدار نے اس موقع پر کہا کہ 'پچھلے ہفتے ہم نے ڈرونز کی کافی زیادہ نقل و حرکت دیکھی۔ یہ ہمارے لئے ایک نیا چیلنج ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہمیں لوگوں کے تعاون کی ضرورت ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم نے آج یہاں چچوال گاؤں میں لوگوں سے ایک میٹنگ کی۔ ان کو ہم نے عملی طور پر دکھایا کہ ڈرون کیا چیز ہوتی ہے اور یہ فضا میں کیسے اڑایا جاتا ہے۔ ہم نے لوگوں سے کہا کہ جب بھی آپ ایسی کوئی چیز فضا میں دیکھیں تو جلد از جلد پولیس کو مطلع کریں تاکہ کسی بھی منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے'۔


ایک اور پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ہمیں نقصان پہنچانے کے لئے ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے اور اس نقصان سے بچنے کے لئے ہم نے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم نے یہاں پر 25 تا 30 گاؤں سے لوگوں کو بلایا تھا اور ان کو عملی طور پر دکھایا کہ ڈرونز کیسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس کا زیادہ تر استعمال رات کے وقت کیا جا رہا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم نے لوگوں سے کہا کہ جب بھی وہ ایسی کوئی چیز فضا میں دیکھیں تو جلد از جلد سکیورٹی فورسز کو مطلع کریں۔ ہم نے ان کو ایک چھوٹا ڈرون دکھایا لیکن حملوں کے لئے جن ڈرونز کا استعمال کیا جاتا ہے وہ بڑے ہو سکتے ہیں'۔ بتا دیں کہ جموں میں واقع دفاعی تنصیبات کے نزدیک گزشتہ چند روز سے ڈرونز گردش کرتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں۔


جموں ایئر فورس سٹیشن پر گزشتہ ہفتے ایک مشتبہ ڈرون کے ذریعے دو بم گرائے گئے تھے جس کے نتیجے میں دو آئی اے ایف اہلکار زخمی اور ایک عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔ مرکزی وزارت داخلہ نے اس حملے کی تحقیقات کی ذمہ داری این آئی اے کو سونپی ہے جو اس تحقیقات میں لگے ہوئے ہیں۔ پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ ڈرونز کا استعمال بذات خود ایک خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں ایئر فورس اسٹیشن پر حالیہ فضائی حملے کے پیش نظر تمام اہم تنصیبات اور جگہوں کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔