جموں و کشمیر: ترقی کے لئے امن ضروری، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا تھا کہ 'میرا ماننا ہے کہ ترقی کی جو دوسری شرط ہے وہ امن، چین اور شانتی ہے۔ جہاں شانتی اور امن چین ہے ترقی کے بیج وہیں پر اگ سکتے ہیں'۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ ترقی کے لئے امن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر امن ہے، ترقی کے بیج وہیں پر اگتے ہیں۔ منوج سنہا نے یہ باتیں بدھ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں منعقدہ ایک تقریب میں کہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'آپ سب جانتے ہیں کہ تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے، یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے پر منحصر ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میرا ماننا ہے کہ ترقی کی جو دوسری شرط ہے وہ امن، چین اور شانتی ہے۔ جہاں شانتی اور امن چین ہے ترقی کے بیج وہیں پر اگ سکتے ہیں'۔ موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع بارہمولہ کے اس ایک روزہ دورے کے دوران 13 کروڑ اور 92 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے گورنمنٹ ڈگری کالج بونیار کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔


انہوں نے کہا کہ 'ایک طویل عرصے سے آپ کی مانگ تھی کہ یہاں پر ایک ڈگری کالج بننا چاہیے۔ اس کی آج سنگ بنیاد رکھی گئی ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'سنگ بنیاد رکھنے کے دوران میں نے متعلقہ عہدیداروں سے سوال کیا کہ اس کی تعمیر میں کتنا وقت لگے گا۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس کی تعمیر پندرہ ماہ کے اندر مکمل کی جائے گی اور اس کے فوراً بعد یہاں درس و تدریس کا عمل شروع کیا جائے گا'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔