جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر مکمل پابندی بہت سخت قدم: سپریم کورٹ

کشمیر میں انٹرنیٹ خدمات بند کئے جانے پر سپریم کورٹ نے اپنے اہم فیصلہ میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر پوری طرح سے پابندی لگانا بہت سخت قدم ہے

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

جمو ںو کشمیر میں 5 اگست کے بعد سے انٹرنیٹ خدمات پوری طرح بند ہیں اور اتنے لمبے وقت تک انٹر نیٹ پر پابندی لگنے کے بعد ایک تاریخ رقم ہو گئی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ابھی تک کسی بھی ریاست یا ملک میں اتنے لمبے وقت تک انٹرنیٹ پر پابندی لگائے جانے کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔ آج سپریم کورٹ نے اس تعلق سے داخل عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں انٹر نیٹ پر پوری طرح پابندی لگانا بہت سخت قدم ہے۔عدالت نے کہا کہ عوام کو اپنی اختلاف رائے رکھنے کا پورا حق ہے اور انٹر نیٹ رائے اظہار کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت سے غیر ضروری احکام واپس لینے کے لئے کہا ہے۔ واضح رہے کہ جمو ں و کشمیر میں ایس ایم ایس خدمات ابھی بحال ہوئی ہیں لیکن موبائل انٹرنیٹ خدمات اور گھروں میں براڈ بینڈ بند ہیں۔


سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’حکومت کو بھی کوئی احکام جاری کرنے سے پہلے توازن بنانا چاہئے۔ انٹرنیٹ پر پوری پابندی بہت سخت قدم ہے۔ عوام کو اپنی اختلاف رائے رکھنے کا پورا حق ہے۔‘‘ عدالت نے کہا کہ انٹر نیٹ پر پابندی صرف اسی وقت ہی لگ سکتی ہے جب سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوں۔ عدالت نے دفعہ 144 پر بھی کہا کہ اس کو نافذ کرتے وقت حکومت کو بہت گہرائی سے غور کرنا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ جتنے بھی احکام اس نے جاری کئے ہیں ان کو وہ شائع کرے۔

واضح رہے کہ انٹرنیٹ کے تعلق سے عدالت نے کہا ہے کہ اس پر پابندی ایک طے شدہ مدت کے لئے ہونی چاہئے جس کا بیچ بیچ میں جائزہ لیا جانا چاہئے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومت اپنے تمام فیصلوں کا دوبارہ جائزہ لے اور جو غیر ضروری احکامات ہیں ان کو واپس لے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ طبی سہولیات سے متعلق خدمات بالکل متاثر نہ ہوں اور کہا کہ آج کے دور میں انٹر نیٹ انسان کی زندگی کا بہت اہم حصہ ہے۔عدالت نے کہا کہ حکومت کا کوئی بھی حکم عدالت میں سماعت کے دائرے سے باہر نہیں ہے۔


قابل غور ہے کہ عدالت میں انٹرنیٹ خدمات بند کرنےاور لوگوں کے نقل و حمل پر روک کے تعلق سے عرضی دائر کی گئی تھی جس پر سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے حکومت کے خلاف سخت تبصرہ تو کیا ہے، لیکن اس کو سب کچھ ٹھیک کرنے کے لئے وقت بھی دیا ہے۔یہ پابندیاں 5 اگست کو لگی تھیں جب مرکزی حکومت نے آرٹیکل 370 کو ہٹاکر جمو ں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کر دیا تھا اور ریاست کو تقسیم کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Jan 2020, 1:11 PM