جموں و کشمیر: مختلف حصوں میں کورونا لاک ڈاؤن جاری، معمولات زندگی معطل

جموں و کشمیر کے چار اضلاع سری نگر، جموں، بڈگام اور بارہمولہ میں 29 اپریل کی شام سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ حکام کے مطابق ان چار اضلاع میں 10 مئی کی صبح سات بجے تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

لاک ڈاؤن، تصویر سوشل میڈیا
لاک ڈاؤن، تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: کورونا کیسز و اموات میں ہو رہے غیر معمولی اضافے کے پیش نظر نافذ 'لاک ڈاؤن' یا 'کورونا کرفیو' کے باعث جموں و کشمیر میں جمعرات کو مسلسل ساتویں دن بھی معمولات زندگی معطل رہے۔ بتا دیں کہ جموں و کشمیر کے چار اضلاع سری نگر، جموں، بڈگام اور بارہمولہ میں 29 اپریل کی شام سے مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ حکام کے مطابق ان چار اضلاع میں 10 مئی کی صبح سات بجے تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ تاہم باقی کچھ اضلاع میں بھی متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں کے احکامات پر 'کورونا کرفیو' نافذ ہے۔ جن اضلاع میں 'کورونا کرفیو' نافذ نہیں ہے وہاں جزوی 'لاک ڈائون' کے تحت پابندیاں عائد ہیں۔

گرمائی دارالحکومت سری نگر کے تمام علاقوں میں جمعرات کو بھی بازاروں میں الو بولتے رہے اور سڑکیں سنسان نظر آئیں۔ ایسی ہی اطلاعات سرمائی دارالحکومت جموں سے بھی موصول ہوئیں۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر میں ہر سو سناٹا چھایا ہوا ہے اور لوگ گھروں میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑا کی ہیں نیز کئی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی مزید نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لازمی خدمات سے وابستہ لوگوں کو چلنے پھرنے کی اجازت دی جا رہی تھی۔


انتظامیہ نے اشیائے ضروریہ جیسے سبزی، دودھ، گوشت، روٹی وغیرہ فروخت کرنے والے دکانوں کو لاک ڈاؤن کے دوران صبح نو بجے سے شام چھ بجے تک کھلا رہنے کی اجازت دی ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق پولیس بعض علاقوں میں ان دکانوں کو صبح کچھ گھنٹوں کے بعد ہی بند کراتی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر اضلاع میں بھی جمعرات کو بھی لاک ڈاؤن سے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے۔

ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ کے دفتر کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع میں کورونا کرفیو میں جمعے کی شام تک توسیع کی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ پلوامہ کے دفتر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع میں تا حکم ثانی کورونا کرفیو جاری رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔