جموں و کشمیر: فائرنگ میں بی جے پی سرپنچ اور ان کی اہلیہ ہلاک

بی جے پی کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مہلوک غلام رسول ڈار بی جے پی کسان مورچہ کولگام کے صدر اور سرپنچ تھے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع اننت ناگ کے لال چوک میں پیر کو مشتبہ ملی ٹنٹوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ سرپنچ اور ان کی اہلیہ کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ ملی ٹنٹ پیر کو سہ پہر کے وقت لال چوک علاقے میں واقع بی جے پی لیڈر و سرپنچ غلام رسول ڈار ساکن ریڈونی کولگام کی عارضی رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں غلام رسول ڈار اور ان کی اہلیہ جوہرہ شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال اننت ناگ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تمام چیکنگ پوائنٹس کو متحرک کیا گیا ہے۔


اس دوران بی جے پی کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غلام رسول ڈار بی جے پی کسان مورچہ کولگام کے صدر اور ایک سرپنچ تھے۔ انہوں نے غلام رسول اور ان کی بیوی کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں کے مارنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔