جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: راہل گاندھی آج عوامی جلسوں سے کریں گے خطاب

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بدھ کو یعنی آج جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ وہ یونین ٹیریٹری میں دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے اینایس

user

قومی آوازبیورو

جموں: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بدھ کو یعنی آج جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ وہ یونین ٹیریٹری میں دو انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی تین مرحلوں میں ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ایک ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی ایک خصوصی طیارے سے صبح 10 بجے جموں ہوائی اڈے پر پہنچیں گے۔

اس کے بعد راہل گاندھی ہیلی کاپٹر سے رام بن ضلع کے سنگل دان کے لیے روانہ ہوں گے۔ یہاں وہ صبح 11 بجے پارٹی امیدوار وقار رسول وانی کی حمایت میں کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ سنگل دان علاقہ جموں ڈویژن کے رام بن ضلع کے بانہال اسمبلی حلقہ کا حصہ ہے۔ بانہال سیٹ کو لے کر کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ جس کی وجہ سے دونوں پارٹیوں نے یہاں سے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔


سنگل دان میں ایک ریلی سے خطاب کے بعد راہل گاندھی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ڈورو اسمبلی حلقے کے لیے روانہ ہوں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ 12:30 بجے ڈورو اسمبلی حلقہ میں وہ غلام احمد میر کی حمایت میں ریلی سے خطاب کریں گے۔

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کانگریس کے تین سابق ریاستی صدور مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان میں وقار رسول وانی، غلام احمد میر اور پیرزادہ سعید شامل ہیں۔ پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اتحاد کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس 52 اور کانگریس 31 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ اتحاد نے سی پی آئی (ایم) اور پینتھرس پارٹی کے لیے دو سیٹیں چھوڑی ہیں۔ دونوں جماعتیں ایک ایک نشست پر الیکشن لڑیں گی۔

جموں و کشمیر میں اسمبلی کی 90 نشستیں ہیں۔ ان میں سے 47 کشمیر اور 43 جموں میں ہیں۔ یہاں نو سیٹیں ایس ٹی اور سات ایس سی کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔