کشمیر: شوپیاں میں مسلح تصادم، لشکر طیبہ کے 5 ملی ٹینٹ ہلاک

کلورہ شوپیاں میں مقامی لوگوں کی جانب سے ملی ٹینٹوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے، سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے کلورہ نامی گاؤں میں جمعہ کی شام سے جاری مسلح تصادم میں اب تک پانچ ملی ٹینٹ مارے جاچکے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ملی ٹینٹوں کی لاش گذشتہ شام جبکہ باقی چار جنگجوؤں کی لاشیں ہفتہ کی صبح برآمد کی گئیں۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا ’’آپریشن کلورہ شوپیاں۔ مزید چار ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔ اب تک پانچ جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔ آپریشن جاری ہے۔‘‘

ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا ’’کلورہ شوپیان میں مسلح تصادم کے مقام پر مزید چار جنگجوؤں کی لاشیں نظر آرہی ہیں۔ مارے گئے جنگجوؤں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی ہے۔ یہ امن کے لئے لازمی تھا۔‘‘

ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم جمعہ کی شام شروع ہوا تھا ۔ ذرائع کے مطابق ’’کلورہ شوپیاں میں موجود ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کے بارے میں مصدقہ اطلاع ملی تھی۔طرفین کے مابین گذشتہ شام ہی مسلح تصادم چھڑ گیا۔ ابتدائی فائرنگ میں ایک جنگجو کو مارا گیا تھا۔ علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ اس گروپ کا تعلق کالعدم جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے تھا۔‘‘

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا کہ کلورہ شوپیاں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے مذکورہ گاؤں میں جمعہ کی شام دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ انہوں نے بتایا ’سرچ آپریشن کے دوران جب سیکورٹی فورسز کا ایک گروپ ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہا تھا تو وہاں موجود ملی ٹینٹ نے اس گروپ پر اندھا دھند فائرنگ کی‘۔

راجیش کالیا نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ کو مارا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا ’اس کے بعد سیکورٹی فورسز کی مزید کمک کو طلب کرکے گاؤں کو سخت محاصرے میں لیا گیا‘۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام پر ہفتہ کی علی الصبح مزید چار ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ’مسلح تصادم میں اب تک پانچ جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے‘۔ دریں اثنا انتظامیہ نے کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کلورہ شوپیاں میں مقامی لوگوں کی جانب سے ملی ٹینٹوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ علاقہ میں امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔