کشمیر: برہان وانی کے ساتھی سمیت 3 ملی ٹینٹ ہلاک، تصادم کے بعد احتجاج و مظاہرہ شروع

ہلاک شدہ ملی ٹینٹوں میں مبینہ طور پر برہان وانی کا قریبی ساتھی لطیف احمد ڈار عرف لطیف ٹائیگر ساکنہ ڈوگری پورہ پلوامہ بھی شامل ہے، لطیف ’اے پلس پلس‘ زمرے کا ملی ٹینٹ تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعہ کی صبح جنگجووں اور فورسز کے درمیان ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ تین جنگجو مارے گئے۔ تصادم کے دوران فوج کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔ مہلوک جنگجووں میں مبینہ طور پر برہان وانی کا قریبی ساتھی لطیف احمد ڈار عرف لطیف ٹائیگر ساکنہ ڈوگری پورہ پلوامہ بھی شامل ہے۔ لطیف اے پلس پلس زمرے کا جنگجو تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق لطیف ٹائیگر برہان وانی گروپ کا آخری بچا ہوا جنگجو تھا۔ اس نے سنہ 2014 ء میں حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مارے گئے دیگر دو جنگجووں کی شناخت طارق مولوی ساکنہ مولو چھترا گام شوپیاں اور شارق احمد ننگرو ساکنہ چھوٹی گام شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔ مسلح تصادم کے دوران ایک رہائشی مکان مکمل جبکہ دیگر دو جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے امام صاحب علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز اور ریاستی پولیس نے جمعہ کی علی الصبح مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا 'تلاشی آپریشن کے دوران ایک رہائشی مکان میں موجود جنگجووں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین تصادم چھڑ گیا'۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین جنگجو ہلاک جبکہ فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے جبکہ مارے گئے جنگجووں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ واضح رہے کہ ضلع شوپیاں اور پڑوسی ضلع پلوامہ جو اننت ناگ پارلیمانی نشست کا حصہ ہیں، میں 6 مئی کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔


تصادم کے بعد پُرتشدد مظاہرے اور جھڑپیں

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے امام صاحب علاقے میں جمعہ کی صبح فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی کے بعد پُر تشدد مظاہرے ہوئے جس میں متعدد احتجاجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع شوپیاں کےامام صاحب علاقے میں تصادم آرائی ختم ہوتے ہی نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر آگئیں اور جائے تصادم آرائی پر تعینات فورسز کے ساتھ متصادم ہوئیں۔
فورسز نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولوں کے ساتھ مبینہ طور پر پیلٹ اور بلٹ چھوڑنے والی بندوقوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد احتجاجی زخمی ہوئے ہیں۔

وہیں شوپیاں سے تعلق رکھنے والا مدثر احمد نامی ایک احتجاجی نوجوان ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔ اسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ضلع اننت ناگ کے لالچوک، ریشی بازار اور اولڈ ٹاؤن میں بھی دوجنگجوؤں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپں شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تصادم آرائی کے پیش نظر ریل سروس معطل

شوپیاں میں فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہوئی تصادم آرائی کے پیش نظر ریل حکام نے جمعہ کے روز سری نگر۔بانہال ریل سروس کو معطل رکھا۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ شوپیاں کے امام صاحب علاقے میں جمعہ کی صبح فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی کے پیش نظر سری نگر۔ بانہال ریل سروس کو احتیاطی طور بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔

ادھر حکام نے جمعہ کی صبح ہی علاقے میں افواہ بازی کی روک تھام کے لئے انٹرنیٹ سروس معطل کی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں جمعہ کی صبح جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان ہونے والی ایک تصادم آرائی میں دو جنگجو مارے گئے۔ تصادم آرائی کے بعد فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا جس میں متعدد احتجاجی نوجوانوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔